English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عدالت عظمیٰ:ڈاکٹر عبداالقدیر خان کیس بند کمرے میں سننے کی استدعا مسترد

القمر

اسلام آباد(صباح نیوز) عدالت عظمیٰ نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو عدالت میں آنے کی اجازت دینے کا حکم دیتے ہوئے وفاقی حکومت کی کیس کوبند کمرے میں سننے کی استدعا مسترد کردی ۔ منگل کو جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سفری پابندیوں کے خلاف ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی درخواست کی سماعت کی تو وکیل توفیق آصف نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ڈاکٹر اے کیو خان کو عدالت نہیں آنے دیا گیاحالانکہ عدالت آنا معروف ایٹمی سائنسدان کا بنیادی حق ہے،اس پر وفاق کے وکیل احمربلال صوفی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرعبدالقدیر کے عدالت آنے سے مسائل ہوںگے، بہتر ہوگا کل عدالت ان کیمرا سماعت رکھ لے، اس پر جسٹس مشیر عالم نے کہاکہ ہم نے ڈاکٹر صاحب سے ایٹم بم بنانے کا فارمولا نہیں پوچھنا، ایسی کوئی وجہ نہیں کہ سماعت ان کیمرا کی جائے،جسٹس یحییٰ خان آفریدی نے کہا کہ ڈاکٹر قدیر خان کی جانب سے قوم کے لیے خدمات کو تسلیم کرتے ہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کی رضامندی سے 2009ء میں فیصلہ دیا، اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو 10 سال تک کہیں چیلنج نہیں کیا گیا، ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے 10 سال بعد لاہور ہائی کورٹ میں ایک نئی درخواست دائر کردی، اب اگرعدالت عظمیٰ اس معاملے میں براہ راست مداخلت کرے تو کیا یہ مناسب ہو گا؟ درخواست گزار کے وکیل عدالت کو مطمئن کریں ، ڈاکٹر قدیر خان اسلام آباد ہائی کورٹ میں دوبارہ کیوں نہیں گئے۔اس پروکیل توفیق آصف نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چلنے والے کیس کے حقائق کو درخواست میں تفصیل سے لکھا ہے ۔ جسٹس مشیر عالم کا کہنا تھاکہ و کلا کی ذمے داری ہے کہ قوم کے ہیرو کا تمسخر نہ بنائیں ۔جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہاکہ ڈاکٹر قدیر خان اپنے حقوق کو غیر مناسب فورمز پر لے جا کر کیوں اپنا حق ضائع کر رہے ہیں ، عدالت سے غیر مناسب حکم کے لیے اصرار نہ کریں اور درخواست پر اپنے مؤکل سے مشاورت کر کے موقف بتا دیں ۔ وکیل نے کہاکہ ڈاکٹر عبد القدیر خان عدالت آ نا چاہ رہے تھے اجازت نہیں ملی اوروکلا کو بھی آ زادی کے ساتھ ڈاکٹرعبدا لقدیر خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ بعد ازاں عدالت نے ڈاکٹرعبدالقدیر خان کو عدالت میں آنے کی اجازت دینے کا حکم دیتے ہوئے وفاقی حکومت کی کیس کوبند کمرے میں سننے کی استدعا مسترد کردی ،کیس کی مزید سماعت آج ہوگی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے