ٹوکیو:معروف جاپانی سومو ریسلر شابوشی کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان سومو ایسوسی ایشن نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ معروف ریسلر 28 سالہ کیوٹاکا سیوٹیکے المعروف شابوشی کورونا کے باعث ہلاک ہوگئے، جان لیوا کورنا وائرس کے باعث ان کے متعدد اعضاء نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔
جاپان ایسوسی ایشن نے کہا کہ کورونا سے ہلاک ہونے والے ریسلر میں گزشتہ ماہ 28 اپریل کو کورونا کی تشخیص ہونے کے بعد انہیں اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ منتقل کردیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ جاپانی ریسلر شابوشی کا شمار سومو کے معروف ریسلرز میں ہوتا تھا، انہوں نے 2007 میں محض 15 سال کی عمر میں سومو ریسلنگ کا آغاز کیا تھا۔
شابوشی میں کووڈ 19 یعنی کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد ایک ہزار کے قریب سومو ریسلرز کے اینٹی باڈیز ٹیسٹ بھی کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ جاپان میں اب تک کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 678 جبکہ مریضوں کی تعداد 16 ہزار سے زائد ہوچکی ہے تاہم جاپانی حکومت نے عالمی وبا کے پھیلائو کو روکنے کے لیے ایک ماہ کے اسٹیٹ ایمرجنسی کے اعلان سمیت سخت لاک ڈاؤن بھی نافذ کیا ہے۔
