English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سندھ میں میٹرک اور انٹر کے امتحانات منسوخ،اگلی کلاسوں میں پروموٹ کرنے کا اعلان

القمر
فائل فوٹو

وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے سندھ بھرمیں میٹرک اور انٹر کے امتحانات منسوخ کرتے ہوئےطالبعلموں کو اگلی کلاسوں میں پروموٹ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

سندھ اسمبلی آڈیٹوریم میں سیکر ٹری تعلیم سندھ سید خالد حیدر شاہ اور سیکرٹری کالجز سندھ باقر نقوی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےصوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ دو روز قبل صوبہ سندھ کی محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں پہلی تا آٹھویں جماعت تک طلبہ و طالبات کو اگلی کلاسوں میں ترقی دینے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم نویں تا بارہویں تک کے لئے ایک سب کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔

انہوں نے کہاکہ کمیٹی نے گذشتہ روز اپنی رپورٹ پیش کی، جس میں نویں تا بارہویں جماعت تک کے طلبہ و طالبات کو بغیر امتحانات کے اگلی کلاسوں میں ترقی دینے کے حوالے سے قانون میں ترامیم بھی تجویز کی گئی ہیں۔

سعید غنی نے کہا کہ اس حوالے سے جمعرات کے روز ہی این سی سی میں تعلیم کے وفاقی وزیر کی زیر صدارت تمام صوبوں کے وزراء تعلیم کی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ملک بھر میں نویں تا بارہویں جماعت تک کے طلبہ و طالبات کو بغیر امتحانات کے اگلی کلاسوں میں ترقی دی جائے گی اور اس میں 3 فیصد اضافی مارکس بھی دئیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی کی نویں میں مارکس کا تناسب 60 فیصد ہے تو اب وہ میٹرک کے رزلٹ میں 63 فیصد شمار کی جائے گی اور اسے گیارہویں میں داخلہ اسی تناسب سے مل سکے گا۔ اسی طرح کسی کی گیارہویں میں کامیابی کا جو تناسب ہوگا اس میں 3 فیصد شامل کرکے اسے شمار کیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ موجودہ حالات نارمل نہیں ہیں اور اس اقدام سے کچھ مسائل ضرور آئیں گے اس لئے اس کے حل کے لئے مذکورہ سب کمیٹی وقتا فوقتاً اجلاس منعقد کرتی رہے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے