اسلام آباد(نمائندہ جسارت)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہاہے کہ پاکستان میں کورونا کی دوا کی تیاری چندہفتوں میں شروع ہوجائے گی۔ان کے بقول امریکی کمپنی نے کورونا وائرس کی دوا بنانے کا دعویٰ کیا ہے اور پاکستان میں اس دوا کی تیاری کے لیے ایک دوا ساز کمپنی کو لائسنس جاری کردیا گیا ہے۔ظفرمرزا نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ7مارچ کو وزیراعظم نے امریکی دواسازکمپنی کے حکام سے میٹنگ کی ہے، بتایاگیاہے دواکے استعمال سے مرض کی شدت میں30فیصدکمی آئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس امریکی کمپنی نے پاکستانی کمپنی بی ایف بائیوسائنسز کو کورونا کی یہ دوا بنانے کی اجازت دے دی ہے، دنیامیں5کمپنیوں کولائسنس دیاگیاہے جو یہ دوابناسکیں گے، ، پاکستان سے یہدوا127ممالک کو برآمد بھی کی جاسکے گی، دواکانام ری میڈیسویرہے جو انجکشن کی صورت میں ہے۔ظفرمرزا نے کہاکہ کورونا وباکے خلاف صف اول میں لڑنے والے ڈاکٹرز،نرسز، پیرامیڈیکل کاتحفظ ناگزیرہے، انفرادی حفاظتی سامان پرمکمل آگہی،درست استعمال حفاظت وبہتری کے لیے بہت ضروری ہے، ہم آج ہیلتھ ورکرزکے لیے پہلاتربیتی پروگرام شروع کررہے ہیں۔علاوہ ازیں ظفر مرزا نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کی وبائی صورتحال کے پیش نظر عوامی مقامات پر چہرے کو ڈھانپنے والے ماسک کو پہننا لازمی قرار دے دیا ہے،اس سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کریں گے، ماسک پر پابندی کے حوالے سے سختی کی جائے گی۔
پاکستان میں کورونا کی دوا کی تیاری جلد شروع ہوجائے گی،کمپنی کو لائسنس جاری کردیا،ظفر مرزا
القمر
