English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عدم استحکام کے خاتمے کے لیے تنازع کشمیر کا حل ناگزیر ہے‘ جوڈتھ کمنس

القمر

لندن (اے پی پی) لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والی برطانوی رکن پارلیمنٹ جوڈتھ کمنس نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر شدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ عدم استحکام کے خاتمے کے لیے کشمیر تنازع کا دیرپا اورپرامن حل تلاش کرنا ضروری ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جوڈتھ کمنس نے لندن سے جاری ایک بیان میں کہا کہ انہیں پختہ یقین ہے کہ ہمیں کشمیر کے ایک محفوظ اور پرامن مستقبل کے لیے اپنی کوششوں کو دگنا کرنا ہوگا اور اس مقصد کی خاطر برطانیہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ جوڈتھ کمنس نے کہا کہ وہ پہلے بھی کہہ چکی ہیں کہ برطانوی حکومت کو بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک حقیقی مذاکراتی عمل کے ذریعے مسئلے کو حل کرانے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر ایک فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ وہ نہیں سمجھتی کہ کشمیر صرف بھارت اور پاکستان کے درمیان باہمی مسئلہ ہے۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ وہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی مکمل طور پر حمایت کرتی ہیں جو انہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت دیا گیا ہے۔ جوڈتھ کمنس نے کہا کہ مسئلہ کشمیر برطانیہ میں بھی بہت سارے مسلمانوں کے لیے بڑی اہمیت کا حامل ہے اور یہ ضروری ہے کہ عدم استحکام کے خاتمے کے لیے کشمیر تنازع کا دیرپا اورپرامن حل تلاش کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے