کراچی ، لاہور ، اسلام آباد ، پشاور ، کوئٹہ ، گلگت (اسٹاف رپورٹر+نمائندہ جسارت+خبرایجنسیاں+ مانیٹر نگ ڈیسک)ملک میں کورونا سے مزید 33 اموات ، 1135 نئے کیسز سامنے آگئے،ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 866 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 39642 تک جاپہنچی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ24 گھنٹے میں4467 ٹیسٹ کیے گئے جس کے نتیجے میں674 نئے کورونا کیسز ظاہر ہوئے ہیں جبکہ گزشتہ24 گھنٹے میں198 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد3804 ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک117860 ٹیسٹ کیے گئے جس میں15590 کیسز سامنے آئے جبکہ گزشتہ24 گھنٹے میں مزید13 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد انتقال کرنے والوں کی تعداد268 ہوگئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس وقت11518 مریض زیر علاج ہیں جس میں 10134 گھروں میں،832 قرنطینہ مراکز،552 مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جبکہ119 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جس میں32 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ کراچی کی صورتحال سے متعلق وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے کے674 کیسز میں سے490 کا تعلق کراچی سے ہے جس میں ضلع ایسٹ 123، ضلع ساؤتھ 113، ضلع وسطی 66، ضلع کورنگی59، ضلع ملیر72، ضلع ویسٹ میں مزید57 کیسز ظاہر ہوئے ہیں۔ صوبے کے دیگر اضلاع سے متعلق انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں55، سکھر میں11، خیرپور اور قنبر شہداد کوٹ میں6-6، سانگھڑ4، ٹنڈو محمد خان اور جیکب آباد میں3-3، مٹیاری، سجاول اور گھوٹکی میں2-2 جبکہ جامشورو اور ٹھٹھہ میں ایک ایک کیسز کا پتا چلا ہے۔بلوچستان میں کورونا کے 234 کیسز اور 6 اموات سامنے آئیں جس کی تصدیق صوبائی کورونا پورٹل پر کی گئی۔پورٹل کے مطابق بلوچستان میں کورونا کے کیسز کی کل تعداد 2544 اور ہلاکتیں 36 ہوگئی ہیں۔اس کے علاوہ صوبے میں 417 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت سے ہفتے کوکورونا وائرس کے مزید 55 کیسز سامنے آئے ہیں اور ایک ہلاکت بھی ہوئی ہے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی ہے۔سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 921 ہو گئی ہے جب کہ ایک ہلاکت کے بعد دارالحکومت میں وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔آزاد کشمیرسے ہفتے کو کورونا کے مزید 3 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔پورٹل کے مطابق علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 108 ہوگئی ہے جب کہ علاقے میں اب تک وائرس سے ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا سے اب تک 76 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔پنجاب میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 14201 تک جاپہنچی ہے۔ صوبے میں 4757 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔خیبر پختونخوا میں ہفتے کو کورونا کے مزید 169کیسز رپورٹ ہوئے اور 14 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت نے کی۔محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا کے کیسز کی مجموعی تعداد 5847 اور ہلاکتیں 305 ہوگئی ہیں۔محکمہ صحت نے بتایا کہ پشاور میں 4، مردان 2 اور صوابی میں ایک ہلاکت ہوئی۔محکمہ صحت کے مطابق مزید 86 افراد کورونا سے صحتیاب ہوئے جس کے بعد صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 1699 ہوگئی ہے۔گلگت بلتستان میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 518 ہوگئی ہے۔
پاکستان:کورونا سے مزید 33 اموات ، 1135نئے کیسز
القمر
