دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) شام میں ایک تازہ فضائی حملے میں 7 ایران نواز جنگجو ہلاک ہوگئے۔ شامی مبصر برائے انسانی حقوق کے مطابق مشرقی شام میں ایک فضائی حملے میں ایران نواز جنگجوئوں اورایرانی فوج کے ایک اڈے کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کم سے کم 7 ایرانی حمایت یافتہ جنگجو ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق عراقی سرحد کے قریب مشرقی قصبے البوکمال میں معیزیلہ نامی فوجی اڈے کو نامعلوم جنگی طیاروں نے بمباری سے نشانہ بنایا۔ رپورٹ کے مطابق بمباری کے نتیجے میں فوجی اڈے کو غیر معمولی نقصان پہنچا ہے۔ شامی مبصر کے مطابق چند روز قبل معیزیلہ فوجی اڈے پر نئی عسکری کمک پہنچائی گئی تھی۔ خیال رہے کہ شام میں وادیٔ فرات کے جنوبی اور مشرقی علاقے میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیائوں کا کنٹرول ہے۔ یہ علاقے اکثر اسرائیل کے فضائی حملوں کا نشانہ بنتے رہتے ہیں۔ 2011ء کے بعد اسرائیلی فوج شام میں ایران اور لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے مراکز کو تواتر کے ساتھ نشانہ بناتی رہی ہے، تاہم اسرائیل کی طرف سے سرکاری سطح پر بہت کم اس طرح کے حملوں کی ذمے داری قبول کی گئی۔ البتہ حالیہ حملے پر اسرائیل خاموش رہا ہے۔ دوسری جانب اختتام ہفتہ پر شمالی شام میں پیش آنے والے آتش زدگی کے واقعے میں 25 بے گھر خاندانوں کے ایک بار پھر چھت سے محروم ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق صوبہ ادلب کی دیرحسن مہاجر بستی میں ہفتے کے روز اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی، جس کے نتیجے میں درجنوں خیمے جل کر خاکستر ہوگئے۔ شہری دفاع کی تنظیم نے پیر کے روز بتایا کہ اس واقعے میں 25 پناہ گزیں خاندان ایک بار پھر بے گھر ہوگئے ہیں۔
شام میں فضائی حملہ ،7 ایران نواز جنگجو ہلاک
القمر
