English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سعودی عرب،یکم جون سے مساجد اور دفاتر کھولنے کا اعلان

القمر

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب میں حکومت کی جانب سے 31 مئی کے بعد مساجد کھولنے اور سرکاری و نجی دفاتر میں کام کی اجازت دینے کے علاوہ 21 جون کے بعد سے مکہ مکرمہ کے سوا ملک بھر سے کرفیو ہٹالینے کا اعلان کیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق سعودی حکام کا کہنا ہے کہ عید کی تعطیلات کے موقع پر 24 گھنٹوں کے لیے ملکی سطح پر کرفیو نافذ کیا گیا تھا، اب اس کے بعد اس پابندی کے اوقات میں کمی کردی جائے گی، تاہم مکہ مکرمہ میں 21 جون کے بعد بھی دوپہر 3 بجے کے بعد سے صبح 6 بجے تک کرفیو جاری رہے گا۔ کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں سعودی عرب میں کئی بار مختلف اوقات میں کرفیو نافذ کیا گیا، تاہم عید کے موقع پر 23 سے 27 مئی کے دوران حکام نے پورے ملک میں 24 گھنٹے کے کرفیو کا اعلان کیا تھا۔ حکام کے مطابق گزشتہ 2 ماہ سے عائد سخت پابندیوں کا تین مراحل میں بتدریج خاتمہ کیا جائے گا، تاہم ملکی و بین الاقوامی پروازوں کے علاوہ حج و عمرہ کی ادائیگی تاحکم ثانی معطل رہے گی۔ دوسری جانب مشرقِ وسطیٰ کے مختلف ملکوں میں بھی کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے عائد پابندیوں میں نرمی کا آغاز ہو گیا ہے۔ شام، فلسطین اور ایران میں پابندیاں نرم کر دی گئی ہیں۔ اُدھر شام نے بھی پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے رات کے اوقات میں کرفیو ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ وزارت صحت کے مطابق ایک دن میں سب سے زیادہ کورونا کیسز رپورٹ ہونے کے باوجود حکومت نے نقل و حرکت پر عائد پابندیاں اور رات کے وقت نافذ ہونے والا کرفیو منگل سے ختم کردیا ہے۔ علاوہ ازیں فلسطینی اتھارٹی نے بھی پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا ہے اور اس حکم پر منگل کے روز سے عمل شروع کردیا گیا ہے۔ فلسطینی وزیر اعظم محمد اشتیہ نے کہا ہے کہ مغربی کنارے کی فلسطینی بستیوں میں مساجد، چرچ اور کاروبار کھولنے کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کیسز کی تعداد میں کمی آ رہی ہے، تاہم لوگوں کو احتیاط کے ساتھ عام زندگی کی جانب لوٹنا ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وزارتیں اور سرکاری دفاتر بدھ سے کھول دیے جائیں گے، ساتھ ہی مغربی کنارے کی بستیوں میں نقل و حرکت محدود کرنے کے لیے قائم چیک پوسٹیں ختم کردی جائیں گی۔دریں اثنا ایران میں بھی ہفتے سے کاروباری سرگرمیاں، مذہبی و ثقافتی مرکز کھول دیے گئے ہیں اور پابندیوں میں نرمی تاحال جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے