English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ثقلین مشتاق کو پلیئرز ڈیولپمنٹ کی ذمہ داری ملنے کا امکان

القمر

لاہور ( وائس آف ایشیا) انٹرنیشنل پلیئرز ڈیولپمنٹ کی ذمہ داری ثقلین مشتاق کو سونپنے کا امکان بڑھ گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق اسپنر نئے ہائی پرفارمنس سسٹم کا حصہ بنیں گے،انھوں نے انٹرویو بھی دیدیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ سٹرکچر کو جدید بنیادوں پر استوار کرنے کے پلان پر عمل درآمد کا آغاز ہوچکا، نیشنل اکیڈمیز کی جگہ ہائی پرفارمنس سسٹم متعارف کراتے ہوئے 15 اپریل کو جاری کردہ اشتہار میں ڈائریکٹر، ہیڈ کوچنگ، انٹرنیشنل پلیئرز ڈیولپمنٹ اور آپریشنز منیجر کی اسامیوں کیلیے 29اپریل تک درخواستیں طلب کی گئیں تھیں، پہلے سے ہی منتخب افراد کو لانے کیلیے رسمی کارروائی پوری کرنے کی خاطر شرائط میں نرمی بھی رکھی گئی، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے سابق ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ڈیوڈ پرسنز کو جز وقتی کنسلٹنٹ مقرر کرنے کا فیصلہ پہلے ہی کیا جا چکا تھا، سابق ٹیسٹ کرکٹر ندیم خان کو ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس تعینات کرنیکا باضابطہ اعلان بھی کردیا گیا، ذرائع کے مطابق ثقلین مشتاق کو ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئرز ڈیولپمنٹ مقرر کے جانے کا امکان روشن ہے۔اس اسامی کیلیے لیول 3 کوچنگ کورس کی شرط رکھی گئی ہے، امیدوار کیلیے لازمی ہے کہ کوچنگ کورس کے ساتھ سابق انٹرنیشنل کرکٹرہو اور 5سال بین الاقوامی کرکٹرز کیساتھ کام کرنے کا تجربہ رکھتا ہو، ٹیلنٹ کی نشاندہی اور کرکٹرز کو قومی ٹیم کیلیے تیار کرنا اس کی ذمہ داریاں ہوں گی۔ ثقلین مشتاق ماضی میں سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کی اصلاح کیلیے معاونت ضرور کرتے رہے لیکن کبھی باضابطہ طور پر پی سی بی سے منسلک نہیں رہے،البتہ دیگر کئی ممالک ’’دوسرا‘‘ کے موجد 43 سالہ سابق پاکستانی اسپنر کی خدمات حاصل کرتے رہے ہیں، دوسری جانب سابق کرکٹر بازید خان کو بھی ہائی پرفارمنس سسٹم میں اہم ذمہ داریاں سونپے جانے کاامکان ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے