English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

لیبیا: باغی ملیشیا کے آبادی پر راکٹ حملے‘ 5 شہری شہید

القمر

طرابلس (انٹرنیشنل ڈیسک) لیبیا میں باغی ملیشیا نے دارالحکومت پر قبضے کے لیے جاری لڑائی کے دوران طرابلس پر راکٹ داغ دیے، جس کے نتیجے میں 5 شہری شہید ہو گئے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق لیبیا کی وزارت صحت کے مشیر امین الہاشمی نے حفتر ملیشیا کے حملے میں سوق الثلاثہ نامی علاقے میں 5 شہریوں کی شہادت اور کئی دیگر کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ واضح رہے کہ دارالحکومت پر قبضے کے لیے باغی حفتر ملیشیا کی جانب سے رواں برس جنوری سے اب تک مختلف علاقوں پر راکٹ حملوں میں بچوں سمیت درجنوں شہری ہلاک و زخمی ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب ترک فضائیہ کے 2 مزید لاک ہیڈ سی 130 ای طیاروں کے لیبیا پہنچنے کا انکشاف ہوا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق یہ انکشاف فوجی طیاروں کی پرواز کے روٹس پر نظر رکھنے والی ایک اطالوی ویب سائٹ نے کیا ہے، جسے پتا چلا ہے کہ دونوں طیارے استنبول سے لیبیا بالخصوص مصراتہ کی سمت روانہ ہوئے۔ قبل ازیں لیبیا کی باغی حفتر ملیشیا نے ملک کے مغربی علاقے بنی ولید کے قریب وفاقی حکومت کی مدد کے لیے بھیجے گئے ترکی کے ایک ڈرون طیارے کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ باغی ملیشیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اتوار کے روز دارالحکومت طرابلس کے قریب ایک کارروائی میں کمانڈر مراد العزیزی کو ہلاک کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ترکی لیبیا میں باغیوں کے خلاف اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قومی وفاق حکومت کی عسکری وسیاسی مدد کررہا ہے، جب کہ باغیوں کو کئی علاقائی اور یورپی ممالک کی مدد حاصل ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے