واشنگٹن/لندن (صباح نیوز)پولیس حراست میں سیاہ فام امریکی شہری کی ہلاکت کے خلاف امریکاکی بیشترریاستوں میں 12ویں روز بھی مظاہرجاری رہے اور واشنگٹن ڈی سی کے میئرمیوریل بازر نے بھی نسل پرستی کیخلاف احتجاج میں شرکت کی ہے۔کئی شہروں میں مکمل اور جزوی کرفیو جاری ہے ۔ کیلیفورنیا اور لاس اینجلس میں کرفیو ختم کر دیا گیا ۔میوریل بازر نے مظاہرین سے خطاب میں کہا ہم سب کو دیکھنا چاہیے کہ واشنگٹن ڈی سی میں کیا ہورہا ہے، ہم نہیں چاہتے یہ کام وفاقی امریکی حکومت دوسرے امریکیوں کے ساتھ پھر کرے۔ واشنگٹن ڈی سی کی میئر نے وائٹ ہائوس کے باہر پلازہ کا نام تبدیل کرکے بلیک لائیوز میٹر پلازہ رکھا ہے۔ وائٹ ہائوس کی طرف جانے والی اسٹریٹ پر لکھا بلیک لائیوز میٹرکو خلا سے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ بلیک لائیوز میٹر کی سٹیلائٹ سے لی گئی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں۔واشنگٹن میں ہزاروں افراد نے وائٹ ہائوس کی طرف مارچ کیا، ہنگاموں کو روکنے کے لیے وائٹ ہائوس کے آس پاس امریکی فوجی بھی تعینات رہے، بروکلین، فلاڈلفیا، پنسلوانیا، اور شکاگو میں لاکھوں افراد نے پولیس تشدد کے خلاف احتجاجی مارچ کیا۔ سان فرانسسکو کے تاریخی گولڈن گیٹ برڈج پر ہزاروں افراد نے جارج فلوئیڈ کے حق میں مارچ کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر سیاہ فاموں کے حق میں نعرے درج تھے۔امریکی ریاست اوریگان کے شہر پورٹ لینڈ میں سیاہ فام امریکی شہری کی ہلاکت کے خلاف پرتشدد مظاہرے ہوئے۔پورٹ لینڈ میں مظاہرین نے توڑپھوڑ کی اور پولیس اہلکاروں پر پتھرائو بھی کیا گیا۔ پولیس نے آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا، جس سے کئی افراد زخمی ہوگئے۔ معمرشخص کو احتجاج کے دوران دھکا دے کر زخمی کرنے والے امریکی پولیس اہلکاروں کو عدالت میں پیش کردیا گیا۔نیویارک کے شہر بفلو میں احتجاج کے دوران دونوں پولیس اہلکاروں نے 75 سالہ معمر شخص کو دھکا دے کر گرایا تھا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا تھا۔ واقعہ کے بعد شہری حکومت نے دونوں اہلکاروں کو بے طرف کرکے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کا حکم دیا تھا،پیشی کے دوران سیکڑوں دیگر پولیس اہلکاروں نے اپنے ساتھیوں کو سزا دینے کے خلاف عدالت کے سامنے احتجاج کیا ۔ اپنے ساتھیوں کے خلاف کارروائی پر بفلو پولیس کے57 اہلکاروں نے استعفا بھی دے دیا ۔مرکزی لندن میں ہزاروں افراد مظاہرے میں شریک ہوئے اور پولیس پر پتھرا ئوبھی کیا گیا۔ مظاہرین نے ونسٹن چرچل کے مجسمے کو بھی نقصان پہنچایا۔
امرئکا میں 12 وین روز بھی احتجاج میئر واشنگٹن بھی شریک
القمر
