English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

یمن میں سعودی حملے ناحق اور غیر منصفانہ ہیں،اقوام متحدہ

القمر

جنیوا (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی امور نے یمن میں سعودی عرب کی زیر قیادت عرب اتحاد کے فضائی حملوں کو ناحق اور غیرمنصفانہ قرار دیا ہے۔ رابطہ دفتر کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ 15 جون کو صعدہ میں کیے گئے حملوں میں ابتدائی معلومات کے مطابق 4 بچوں سمیت کم از کم 12 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ انسانی امور دفتر کے سربراہ لائس گرینڈ نے اس بیان میں کہا ہے کہ ہم ان خوفناک اور ناحق حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے عزیزوں سے اظہارِ تعزیت کرتے ہیں۔ گرینڈ نے کہا ہے کہ یمن میں امن قائم کرنے کی ضرورت ہے اور خاص طور پر کورونا وائرس کی اس صورت حال میں جب امدادی تنظیموں کے فنڈ ختم ہو چکے ہیں، لاکھوں یمنی باشندوں کی زندگی خطرے میں ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اقوام متحدہ کی طرف سے جنگ بندی کی اپیلوں کے باوجود یمن میں جنگ جاری ہے اور ماہِ جنوری سے لے کر اب تک جاری جھڑپوں میں 800 سے زائد انسان ہلاک ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب انسانی حقوق تنظیموں نے اقوام متحدہ کو یمن میں حوثی باغیوں سے برسر پیکار عرب اتحاد کا نام بچوں کے خلاف جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کی فہرست سے نکالنے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اقوام متحدہ نے گزشتہ برس یہ کہا تھا کہ یمن میں سعودی اتحاد کے حملوں میں 222 بچے ہلاک ہوئے تھے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے الزام عائد کیا ہے کہ سنگین خلاف ورزیوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ تنظیم کے مطابق یمن میں 5سال سے جاری جنگ سے ملک مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے