English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

معروف ٹی وی میزبان طارق عزیز کے انتقال پر شوبز فنکاروں کا اظہار افسوس

القمر

 کراچی: معروف ٹی وی میزبان طارق عزیز کے انتقال پر شوبز فنکاروں نے بھی اظہار افسوس کیا ہے۔

پاکستان ٹیلی ویژن کے مشہور گیم شو نیلام گھر کے میزبان طارق عزیز علالت کے باعث 84 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے ہیں۔ ان کے انتقال کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی جس کے بعد دنیا بھر میں موجود اُن کے چاہنے والوں کی طرف سے افسوس کا اظہار کیا گیا تاہم اس موقع پر انڈسٹری سے وابستہ شخصیات نے بھی اظہار تعزیت کرتے ہوئے مختلف پیغامات دیئے۔

فہد مصطفیٰ نے ٹوئٹر پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ آج ہماری میڈیا انڈسٹری نے لیجنڈ میزبان، اداکار اور ایک بہترین انسان کو کھو دیا ہے اور اس طرح ایک اور دور ختم ہوا۔

ہمایوں سعید نے بھی مرحوم طارق عزیز کی یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ طارق عزی صاحب حقیقی لیجنڈ اور قومی ہیرو تھے، اللہ پاک اُن کی مغفرت فرمائے۔

عدنان صدیقی بھی طارق عزیز کے انتقال پر کافی رنجیدہ نظر آئے اور اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کے ذریعے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ طارق عزیز کا نام آتے ہی میرے ذہن میں نیلام گھر آجاتا ہے اور وہ آواز گونجنے لگتی ہے جو طارق عزیز صاحب اپنے پروگرام کے ابتدا میں کہتے تھے۔ ’’ابتدا ہے رب جلیل کے بابرکت نام سے، دیکھتی آنکھوں سنتے کانوں کو طارق عزیز کا سلام‘‘، اب نہ وہ دیکھتی آنکھیں رہیں اور نہ ہی وہ سنتے کان رہے، طارق عزیز صاحب اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ طارق عزیز صاحب، آپ کی باتیں، آپ کے اشعار اور نیلام گھر پروگرام کے اختتام پر آپ کا ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کہنا ہماری یادوں میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔

احسن خان نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ دراصل طارق عزیز صاحب ہی ہیں جنہوں نے مجھے سکھایا کہ کس طرح سامعین کے سامنے پرفارم کرتے ہیں۔

رابی پیرزادہ نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ مجھے اپنے ماضی میں کچھ لوگ ایسے ملے جو شوبز میں ہوتے ہوئے بھی شوبز میں نہیں تھے، طارق انکل نے مجھے اپنی زندگی کی بہت سی باتیں بتائیں، لاہور کا آنا سڑکوں پر سونا، ریڈیو سے ٹی وی تک کا سفر، وہ مجھے اکثر کہتے تھے تم شوبز میں نہیں رہ سکتی، شاید وہ ٹھیک تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے