English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مراد علی شاہ کا گندم اسمگلنگ روکنے کیلیے سندھ کی سرحدیں سیل کرنے کا حکم

القمر

 

کراچی (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مارکیٹ میں آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے، ڈویژنل کمشنرز اور ڈی آئی جیز کو حکم دیا ہے کہ وہ دوسرے ممالک کو گندم کی اسمگلنگ روکنے کیلیے سرحدوں کو سیل کردیں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی آپریشن شروع کریں۔ انہوں نے یہ فیصلہ پورے سندھ میں گندم کے ذخائر اور آٹے کی قیمتوں کا جائزہ لینے کے لیے محکمہ خوراک کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی وزرا ہری رام ، مکیش چاولہ، سید ناصر شاہ، مشیر مرتضیٰ وہاب ، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ ، آئی جی سندھ مشتاق مہر و دیگر نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے
کہا کہ2020-21ء کے دوران گندم کی کھپت کا تخمینہ 27.470 ایم ایم ٹی ایس لگایا گیا ہے جس کے برعکس ملک میں گندم کا ذخیرہ 26.059 ہے اور اس طرح 1.411 ایم ایم ٹی کی کمی کا سامنا ہے‘ اس قدر کمی نہیں ہے جس طرح ان مہینوں کے دوران گندم / آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے جبکہ حال ہی میں گندم کی فصل کی کٹائی ہوئی ہے‘ یہ دوسرے ممالک کو گندم اسمگل کرنے کا نتیجہ ہے اور ہمیں اسے سخت کارروائی کے ساتھ روکنا ہے۔ حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص اور شہید بینظیر آباد کے کمشنروں نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا کہ آٹے کی قیمتیں ان کی ڈویژن میں مستحکم ہیں۔ سیکرٹری فوڈ نے بتایا کہ کراچی میں فلور مل آٹے کی قیمت 57 روپے فی کلو اور چکی آٹا کی قیمت64 سے 65 روپے فی کلو ریکارڈ کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ میں گندم کا ذخیرہ کافی ہے اسی لیے قیمتیں مستحکم ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جب بھی گندم کا کوئی ٹرک سڑک پر نظر آئے تو اسے اس وقت تک روکنا ضروری ہے جب تک کہ محکمہ خوراک کے ذریعے اسے کلیئر قرار نہیں دیا جاتا ہے‘میں اس معاملے میں کسی غلطی یا کوتاہی کو برداشت نہیں کروں گا۔ کمشنر سکھر نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا کہ ان کی ضلعی انتظامیہ نے پڑوسی ممالک میں27000 ٹن گندم اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی اور اس کو ضبط کرلیا‘ محکمہ فوڈ ڈپارٹمنٹ کے 6 افسران کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ وہ گندم کی ذخیرہ اندوزی کی صورتحال کا جائزہ لیں اور پھر ملک میں آٹا بحران سے بچنے کے لیے مناسب کارروائی کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے