


دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل کے جنگی ہیلی کاپٹروں نے شام میں فوجی اہداف کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کم از کم 2 اسدی فوجی زخمی ہو گئے۔ اسدی سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب جنوبی صوبے قنیطرہ میں کم از کم 3 فوجی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس بم باری کے نتیجے میں علاقے میں بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی، جب کہ دھماکوں کی آوازیں دور دور تک سنائی دیں۔ اسرائیلی فوج نے اس بارے میں جاری کردہ بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ پہلے شام سے اسرائیل کی جانب گولہ باری کی گئی، جس کے جواب میں اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی شام میں چند مقامات کو نشانہ بنایا۔ شامی مبصر برائے انسانی حقوق کے مطابق اسرائیلی ہیلی کاپٹروں نے ایران نواز فوجی قوتوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ حملوں کے دوران کئی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ ذرائع کے مطابق ان میں انٹیلی جنس معلومات اکٹھا کرنے کے وسائل اور نگرانی کے مقامات شامل ہیں۔شامی مبصر کے مطابق یہ دھماکے اسرائیلی ہیلی کاپٹروں کی جانب سے قنیطرہ کے قصبے حضر کے نزدیک اسدی فوج اور ایران نواز ملیشیاؤں کے ایک عسکری ٹھکانے پر حملے کے نتیجے میں ہوئے۔ حملے کے سبب مذکورہ مقام پر آگ لگ گئی۔ یاد رہے کہ اسرائیل نے رواں ہفتے پیر کی شب بھی شامی دارالحکومت دمشق میں اسدی فوج اور ایران نواز ملیشیاؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا۔
