کراچی: پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کی مزار قائد پر حاضری کے دوران احاطہ مزار میں ان کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر نے نعرے بازی شروع کردی جس پر وفاقی وزرا کی جانب سے شدید ردّعمل سامنے آیا ہے۔
کیپٹن (ر) محمد صفدر نے مزار قائد کے احاطے میں ”ووٹ کو عزت دو“ کے نعرے لگائے۔،کیپٹن (ر) محمد صفدر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی قبر کے احاطے میں داخل ہوگئے۔ قبر کے اطراف لگی جالیوں کو عبور کرلیا اور قبر کے ساتھ کھڑے ہوکر نعرے بازی کی اور کرائی۔وہاں موجود کارکنان نے بھی ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگائے۔
اس موقعے پر مریم نواز،مریم اورنگزیب،نہال ہاشمی اور علی اکبر گجر بانی پاکستان کی قبر کے اطراف لگی مرکزی جالیوں کے اندر موجود تھے۔
مزار قائد کے اندر نعرے بازی کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے ردعمل بھی سامنے آیا اور انہوں نے احاطے میں نعرے بازی کو مزار کے تقدس کی پامالی قرار دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ بابائے قوم کے مزارکو اپنی سیاست کیلئے استعمال کرنا انتہائی قابل مذمت اور شرمناک ہے۔ محسن پاکستان کے مزار پر جاکر معافی مانگتے کہ ہم نے ان کے بنائے وطن کو بے دردی سے لوٹا، نظریے سے انحراف کیا، اوراپنی جیبیں بھر کے پاکستان کے عوام کو کنگال کیا۔
بابائے قوم کے مزارکو اپنی سیاست کیلئے استعمال کرنا انتہائی قابل مذمت اور شرمناک ہے۔ محسن پاکستان کے مزار پر جاکر معافی مانگتے کہ ہم نے ان کے بنائے وطن کو بے دردی سے لوٹا، نظریے سے انحراف کیا، اوراپنی جیبیں بھر کے پاکستان کے عوام کو کنگال کیا۔
— Senator Shibli Faraz (@shiblifaraz) October 18, 2020
وفاقی وزیر علی زیدی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں مزار قائد میں نعرے بازی کی ویڈیو اس تبصرے کے ساتھ کی کہ سیاست دانوں بھیس میں اس جرائم پیشہ ٹولی کی جانب سے قائد کے مزار کے تقدس کی پامالی قابل قبول نہیں۔
This is just not acceptable. The sanctity of Quaid’s Mazar disrespected by these criminals masquerading as politicians. pic.twitter.com/XD1w9ATC62
— Ali Haider Zaidi (@AliHZaidiPTI) October 18, 2020
اسی طرح وفاقی وزیر صنعت و پیدوار حماد اظہر نے بھی اپنے ایک ٹوئٹ میں اس واقعے پر کڑی تنقید کی۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے اپنے بیان میں کہا کہ مودی کی زبان بولنے بولنے والوں نے مزار قائد کا تقدس پامال کیا۔
قائداعظم رحمتہ اللہ علیہ دیانت اور ایمانداری کے پیکر تھے۔ آپ نے بطور گورنر جنرل صرف ایک روپیہ اپنی تنخواہ مقرر کی اور اپنی جائداد پاکستان کے نام لگا دی۔
آج مزارِ قائد پر بے ادبی کے مناظر دیکھے گئے۔ اور جن لوگوں نے اِس پاک سر زمین کی دولت پر اپنے ہاتھ صاف کئے، وہی اِس کے باعث بنے۔— Hammad Azhar (@Hammad_Azhar) October 18, 2020
ان کا کہنا تھا کہ بیگم صفدر اور حواریوں کو مزار کے تقدس کا بھی احترام نہیں۔مزار قائد پر بدنظمی پیدا کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے۔ جن کا ایجنڈا آر ایس ایس کا ہو انہیں مزار قائد کے تقدس کی کیا پرواہ ہوگی۔ مریم صفدر اعوان اور حواری قوم سے معافی مانگیں۔
کارروائی نہیں کی گئی تو مستقبل میں بھی ایسے واقعات ہوسکتے ہیں، انتظامیہ مزار قائد
مزار قائد کے ریذیڈنٹ انجینئر عارف احمد کا ایکسپریس نیوز سے بات چیت میں کہنا تھا کہ اتوار کی سہ پہر سیاسی جماعت کے رہنماوں کی مزار قائد پر حاضری کے دوران ان کے کارکنان کی جانب سے نعرے بازی،ہلڑ بازی اور بانی پاکستان کے مزار کے توتقدس کی پامالی قابل افسوس ہے۔
عارف احمد کے مطابق مریم نواز کی مزار پر حاضری کےلیے صرف 4 سے 5 گاڑیوں کی مزار میں داخلے کی بات کی گئی تھی۔ مزارقائد مینجمنٹ کی جانب سے بانی پاکستان کے مزار کے تقدس کے حوالے اور کسی بھی ناخوشگوار صورت حال کے پیدانہ ہونے کے بارے میں ابتداء میں ہی واضح کردیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ جتنے افراد کی آمد کا عندیہ دیا گیا تھا اس حوالے سے سیکیورٹی کے مکمل انتظامات موجود تھےمگربعدازاں جو صورت حال پیدا ہوئی وہ انتہائی افسوس ناک ہے۔
بانی پاکستان کے مزار پراس ناخوش گوار واقعے پر کسی بھی حکومتی قانونی کارروائی کی مکمل تائید کرتے ہیں۔ اس حوالے سے قانون کے مطابق اگر کارروائی نہیں کی گئی تو مستقبل میں بھی ایسے واقعات رونما ہوسکتے ہیں۔
