ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) توہین آمیز خاکوں کیخلاف آج ٹنڈو آدم میں مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کا اعلان، علما، سیاسی، مذہبی جماعتوں، تاجروں کی جانب سے حمایت، محمدی چوک پر بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔ فرانس کی جانب سے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کیخلاف ٹنڈو آدم و گردونواح میں آج مکمل شٹر ڈائون کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ اعلان آل پارٹیز مجلس عمل تحفظ ختم نبوت کی جانب سے کیا گیا ہے۔ مفتی محمد طاہر مکی نے بتایا کہ اس ہڑتال کو کامیاب کرنے کے لیے پی پی کے تاج وریاہ، تاجران کے اقبال بھٹی، جے یو آئی کے حافظ راشد طیار، جماعت اسلامی کے مشتاق عادل، شبان ختم نبوت کے حافظ میر اسامہ سموں، پی ٹی آئی کے فیض ڈیرو، پاسبان ختم نبوت کے حافظ محمد ایمان سموں، تنظیم تحفظ ناموس خاتم الانبیاء کے قاری عبدالرحمن حذیفی سمیت تمام چھوٹی بڑی مذہبی جماعتوں نے مرکزی جامع مسجد ختم نبوت کے خطیب علامہ محمد راشد مدنی کی صدارت میں ہونے والے ایک اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ جمعہ کو رات گئے تک ٹنڈو آدم میں مکمل شٹر ڈائون رہے گا۔ علاوہ ازیں بعد نماز فجر سے شہر بھر میں مجاہدین ختم نبوت ایک پُرامن گشت کریں گے۔ مفتی طاہر مکی نے بتایا کہ احتجاجی ریلی بعد نماز جمعہ ڈھائی بجے جامع مسجد ختم نبوت سے نکل کر محمدی چوک پر عظیم الشان جلسے میں بدل جائے گی، جہاں تمام قائدین خطاب کریں گے اور فرانس کے صدر کے پتلے اور پرچم جلائے جائیں گے۔
ٹنڈوآدم، توہین آمیز خاکوں کیخلاف آج شٹر ڈائون ہوگا
القمر
