سکھر (نمائندہ جسارت) محکمہ ریلوے سکھر ڈویژن میں گریڈ ایک سے لے کر گریڈ پانچ میں بذریعہ قرعہ اندازی مختلف اسامیوں کے لیے بھرتی ہونے والے امیدواروں نے آفر لیٹر نہ دیے جانے کیخلاف ڈی ایس ریلوے سکھر کے دفتر کے باہر زیر قیادت اعجاز گڈانی، رحمت اللہ عباسی، محمد نسیم، زاہد و دیگر نے احتجاجی دھرنا دیا اور نعرے بازی کی۔ دھرنے کے باعث ٹریفک کی آمدو رفت معطل ہوگئی اور مسافرگاڑیوں کو تکلیف کا سامنا رہا۔ مظاہرین امیدواروں کا کہنا تھا کہ نو ماہ گزر چکے ہیں، سکھر ڈویژن سے تعلق رکھنے والے 760 سے زائد امیدواروں کو میڈیکل ٹیسٹ و دیگر محکمہ جاتی کارروائی مکمل ہونے کے باوجود محکمہ ریلوے سکھر ڈویژن انتظامیہ کی جانب سے آفر لیٹر نہیں دیا جارہا، رشوت کے عوض من پسند افراد کو نوازنے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث امیدوار شدید پریشانی و مایوسی میں مبتلا ہیں، ہمارا صرف ایک ہی مطالبہ ہے ہمیں آفر لیٹر فراہم کرکے روزگار فراہم کیا جائے لیکن کئی ماہ سے ہمارے احتجاجوں کے باوجود افسران کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے۔ امیدواروں نے وزیر اعظم پاکستان، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید، سیکرٹری ریلوے، جنرل منیجر ریلوے سمیت دیگر بالا حکام سے نوٹس لے کر آفر لیٹر فراہمی کا مطالبہ کیا۔
ریلوے کے 760 سے زائد ملازمین کو آفر لیٹر دیا جائے، اعجاز گڈانی
القمر
