قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی جانب سے تربت اور کوئٹہ کے شہریوں کیلئے خوش خبری ہے کہ پی آئی اے نے کوئٹہ سے تربت کیلئے دو طرفہ پروازیں شروع کردیں۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پی آئی اے نے آج سے کوئٹہ سے تربت کیلئے اپنی پروازیں شروع کردی ہیں۔ ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق پہلی پرواز دوپہر 12 بجے کوئٹہ سے تربت کیلئے روانہ ہوگئی اور ہفتہ وار دو پروازیں آپریٹ کی جائیں گے۔
تفصیلات ترجمان نے کہا کہ تربت، گوادر، جیونی اور گرد و نواح کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ صوبائی دارالحکومت کیلئے دوبارہ پروازیں شروع کی جائیں، لہذا تربت کیلئے پروازیں شروع کرنے سے وہاں کے مسافروں کیلئے فضائی سفری سہولت میسر آئیں گی، بہت جلد انشاءاللہ ملک کے دیگر شہروں سے بھی گوادر کیلئے پروازیں چلائی جائیں گی۔
ترجمان پی آئی اے نے مزید کہا کہ پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک پہلے ہی گوادر کو فروغ دینے کیلئے پی آئی اے کے کردار ادا کرنے کا وعدہ کرچکے ہیں۔

