English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پی ڈی ایم حکومت سے جان چھڑانے کی جدو جہدکر رہی ہے ، نثار کھوڑو

القمر

 

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تمام سیا سی جماعتیں حکومتی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں، پی ڈی ایم موجود ہ حکومت سے جان چھڑانے کی جدوجہد کررہی ہے، عمران خان نے ہزارہ برادری سے تعزیت نہیں کی، عمران خان قوم سے ڈرا ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیلانی ہائوس میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر پیر آفتاب حسین شاہ جیلانی، رکن قومی اسمبلی شمیم آراء پنہور، صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ، رکن سندھ اسمبلی نور احمد بھڑگڑی، رانا ہمیر سنگھ، نور علی شاہ، سرفراز راجڑ، خیرالنساء مغل اور دیگر بھی موجود تھے۔ نثار کھوڑو نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم حکومت سے جان چھڑانے کے لیے جدوجہد کررہی ہے، چاروں صوبے میں جلسے ہوچکے ہیں، جن میں لوگوں نے بھرپور شرکت کرکے حکومت سے بیزاری کا اظہار کیا ہے، اب ریلیوں اور جلسوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پی ڈی ایم نے حکومت سے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، میں نے قوم پرست جماعت کے رہنماء ڈاکٹر قادر مگسی سے ملاقات کی ہے اور اب سندھ کی دیگر سیا سی جماعتوں کے رہنمائوں سے ملاقات کا ارادہ ہے۔ وفاقی حکومت صوبائی خود مختاری کیخلاف ہے، وہ این ایف سی ایوارڈ کو ختم کرنا چاہتی ہے، ہمیں مردم شماری پر اعتراض ہے کیونکہ پنجاب میں ایک گھرانے کے سات افراد دکھائے گئے ہیں جبکہ سندھ میں گھرانے کے افراد کی تعداد پانچ رکھی گئی ہے، اس طرح آبادی کم ہونے سے این ایف سی ایوارڈ میں سندھ کا حصہ بھی کم ہوجاتا ہے، ہم وقت سے پہلے انتخابات چاہتے ہیں، عوام کو تحفظ دینا حکومت کا فرض ہے لیکن عمران خان نے ہزارہ برادری سے تعزیت نہیں کی بلکہ ان کے ایک فرد کو سرکاری عمارت میں بلاکر بات کی کیونکہ عمران خان عوام سے ڈرا ہوا ہے۔ اس وقت حکومت عوام دشمن بن چکی ہے، این آر او کا مطلب نیازی ریموول آرڈیننس ہے جو ہم ان پر تھوپنا چاہتے ہیں۔ الیکشن کا بائیکاٹ ہرگز نہیں کریں گے کیونکہ ہم نے یہ غلطی 1985ء میں کی تھی۔ سینیٹ الیکشن میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں ایک دوسرے کی مدد کریں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے