کراچی (اسٹاف رپورٹر)انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز جوروٹ نے سری لنکا کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیریئر کی 18ویں سنچری جبکہ چوتھی ڈبل سنچری جڑ دی۔ ہفتہ کو گال میں کھیلے جارہے 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز جو روٹ نے پہلی اننگز آئی لینڈرزٹیم کے بولر ز کی خوب دھلائی کرتے ہوئے نہ صرف ڈبل سنچری اسکور کی بلکہ اپنی ٹیم کی میچ میں پوزیشن مضبوط بنادی ۔ جوروٹ نے کین ولیم سن نے 321گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک خوبصورت چھکے اور 18چوکوں کی مدد سے انفرادی 228 رنز بنائے۔ یہ 30سالہ جو روٹ کے ٹیسٹ کیریئر کی 18ویں سنچری اور چوتھی ڈبل سنچری ہے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے چوتھی ڈبل سنچری بناکر سابق انگلش بلے باز لینارڈ ہوٹن کی 4 ڈبل سنچریوں کا ریکارڈ بھی برابر کردیا بلکہ اپنے ٹیسٹ کیریئر کے 8000رنز بھی مکمل کر لیے یوں وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 8000 رنز مکمل کرنے والے انگلینڈ کے7ویں کھلاڑی بن گئے۔
