English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جماعت اسلامی بلوچستان کے مسائل پر جلد تحریک شروع کریگی، عبدالحق ہاشمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے بلوچستان کے صوبائی قائدین و مقامی ذمے داران کے دورہ کراچی کے موقع پر ان کے اعزازمیں ادارہ نور حق میں ایک استقبالیے کا اہتمام کیا گیا جس سے بلوچستان کے امیر مولانا عبد الحق ہاشمی ، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، بلوچستان کے سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے خطاب کیا ۔ استقبالیے میں بلوچستان کے صوبائی ذمے داران ، مجلس شوریٰ کے اراکین ، اضلاع کے امرا و سیکرٹریز اور جے آئی یوتھ کے صدورنے شرکت کی۔ اس موقع پر نائب امرا ڈاکٹر اسامہ رضی ، راجا عارف سلطان ، مسلم پرویز ، ڈپٹی سیکرٹریز یونس بارائی ، نوید علی بیگ اور دیگر بھی موجودتھے ۔ بلوچستان سے آئے ہوئے مہمانوں نے جماعت اسلامی کراچی کی سیاسی و سماجی سرگرمیوں ، عوامی خدمات اور شہرکے سیاسی حالات کے حوالے سے مختلف سوالات کیے جن کے حوالے سے حافظ نعیم الرحمن نے ان کو بریفنگ دی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا ۔ مولانا عبد الحق ہاشمی نے اہل بلوچستان کی جانب سے حافظ نعیم الرحمن کو بلوچستان کی شال کا تحفہ پیش کیا ۔مولانا عبد الحق ہاشمی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ کراچی کے ساتھ اہل بلوچستان کا بڑا گہرا ، قلبی اور دیرینہ تعلق ہے ۔ دونوں علاقوں کے درمیان ہمیشہ برادرانہ تعلقات رہے ہیں ، جماعت اسلامی کراچی نے ملک کے سب سے بڑے شہر میں جس طرح مختلف شعبوں میں مثالی خدمات اور کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل ِ تقلید ہے ۔ وقت کے ساتھ ساتھ دعوتی اور سیاسی میدان میں پیش رفت حوصلہ افزا ہے ۔ ہمارے دورے کا مقصد ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنا ہے ۔ یہ وقت کی ضرورت بھی ہے اور اس طرح کی نشستیں ہونی چاہئیں ۔ اس سے مسرت بھی حاصل ہوتی اور دلوں میں موجود اخوت و محبت میں بھی اضافہ ہوتا ہے ۔ مولانا عبد الحق ہاشمی نے جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے بلوچستان کے ذمے داران کے لیے استقبالیے کا اہتمام کرنے اور ایک خوب صورت محفل سجانے پر شکریہ ادا کیا ۔ قبل ازیں حافظ نعیم الرحمن نے اپنی گفتگو میں کہا کہ اہل بلوچستان کے لیے ہمارے دل اور دروازے ہمیشہ سے کھلے ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ ہمارے تعلقات میں وسعت اور استحکام پیدا ہوا ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر ہے ۔ یہاں ہر علاقے اور زبان سے تعلق رکھنے والے آباد ہیں اور اسی لیے کراچی کو منی بلوچستان کہا جاتا ہے لیکن بد قسمتی سے اہل اقتدار نے اہل کراچی کو ہمیشہ مایوس کیا ہے موجودہ اور ماضی کی حکومتوں نے شہر قائد کو بری طرح نظر انداز کیا اور آج یہ شہر مسائلستان بن چکا ہے ۔ یہاں سے ووٹ لینے والی جماعتوں نے ووٹ لے کر اقتدار کے مزے تو لیے لیکن عوام کے لیے کچھ نہیں کیا ۔ جماعت اسلامی ہمیشہ عوام کی آواز بنی ہے اور شہر کے دیرینہ مسائل کو اُجاگر کیا ہے ۔ ہمیں جب بھی موقع ملا ہم نے عوام کے لیے مثالی خدمات انجام دی ہیں ۔ عبد الستار افغانی اور نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کے دور میں جو تعمیر اتی اور ترقیاتی منصوبے اور پروجیکٹ بنائے گئے وہ کسی اور دور میں نہیں بنائے گئے ۔ حالیہ دنوں میں جماعت اسلامی نے ’’حقوق کراچی تحریک ‘‘ شروع کی ہوئی ہے ، ہم عوام کے حقیقی ترجمان بنے ہیں ۔ ہماری پبلک ایڈ کمیٹیاں شہر بھر میں سرگرم عمل ہیں ۔ جے آئی یوتھ اور جماعت اسلامی کی پوری تنظیم عوامی و فلاحی اور سماجی سرگرمیوں میں مصروف ہے ۔ عوام جماعت اسلامی کی طرف رجوع کر رہے ہیں اور ادارہ نور حق شہریوں کے لیے ایک مرکز بن رہا ہے ۔ عوام یہاں مختلف مسائل کے لیے آتے ہیں ۔ ہم متعلقہ اداروں کے ذمے داران کو ان کی جانب متوجہ کراتے ہیں اور لوگوں کی قانونی و سیاسی اور اخلاقی طور پر مدد کرتے ہیں ۔ کے الیکٹرک اور نادرا سمیت بہت سے محکموں اور اداروں کے حوالے سے ہم نے متاثرین کو حقیقی طور پر ریلیف دلایا ہے ۔ دعوتی میدان میں بھی شہر بھر میں ہماری سرگرمیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہتی ہیں ۔ جماعت اسلامی ایک انقلابی جماعت ہے اور اقامت دین کی جدو جہد ہی ہمارا مقصد اور محور ہے ۔ جماعت اسلامی ایک دعوت اور تحریک کا نام ہے جو معاشرے میں ایک تحرک اور حقیقی تبدیلی کے لیے کوشاں ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے