English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

قومی ٹیم ٹیسٹ سیریز میں فتح کی صلاحیت رکھتی ہے،انضمام

القمر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین ٹیسٹ سیریز کے آغاز میں اب صرف 2 روز باقی رہ گئے ہیں، 13 سال سے زائد عرصہ بعد دونوں ٹیمیں پاکستان کی سرزمین پرٹیسٹ میچ میں مدمقابل آئیں گی، پاکستان کی قیادت مڈل آرڈر بیٹسمین بابراعظم اور جنوبی افریقا کی کپتانی وکٹ کیپر بیٹسمین کوئنٹن ڈی کوک کررہے ہیں،2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 26 جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔ اس موقع پر پی سی بی ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ایک طویل عرصے بعد کسی ٹاپ رینک ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا پاکستان آنا پوری قوم کیلئے خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ کی مکمل واپسی پاکستان میں کرکٹ کی مزید ترقی اور فروغ کا سبب بنے گی،آخری مرتبہ 2007 میں پاکستان کا دورہ کرنے والی جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم سے جڑی اپنی یادیں تازہ کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ 2007 میں انہیں نیا قومی ریکارڈ بنانے کے لیے مزید 18 رنز درکار تھے مگر وہ صرف تین رنز کی کمی سے جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑنے میں ناکام رہے، شائد قسمت کو یہی منظور تھا کہ جاوید میانداد کا نام اس ریکارڈ لسٹ میں ان سے اوپر رہے کیونکہ جاوید میانداد ان کے ہیرو تھے، انہوں نے جاوید میانداد سے بہت کرکٹ سیکھی۔سابق ٹیسٹ کپتان نے منگل سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیریز پاکستان کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ قومی کرکٹ ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کی اکثریت نے ابھی تک اپنے ہوم گرائونڈ میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا مزہ نہیں چکھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے