لاہور‘سیالکوٹ(اے پی پی+صباح نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ دسمبر گزرگیا،جنوری کا آخری ہفتہ بھی آگیا،اپوزیشن ارکان کے استعفے آئے نہ لانگ مارچ ہوا،فروری اورمارچ بھی آئیں گے اور گزر جائیں گے،پی ڈی ایم کی تحریک عدم اعتماد پھر بھی نہیں آئے گی،یہ کاغذی شیر ہیں۔ایک بیان اور ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ جعلی راجکماری،شہزادے اورمولانا میں جوتیوں میں دال بٹنا شروع ہوچکی ہے،پہلے ہی کہا تھا اس ناجائز اتحادکی بیل منڈھے نہیں چڑھے گی،سندھ کے شہزادے نے اپنی چال چل دی ہے، جعلی راجکماری بھی آس لگائے بیٹھی ہیں،کنیزائوں کے چہرے زرد ہیں اورزبانیں لرزرہی ہیں، پی ڈی ایم کا مریل گھوڑا مردہ ہو چکا ہے،مولانا اب اس غیر فطری اتحاد کا جنازہ پڑھانے کی تیاری کریں ، مولانا سے جو کچھ ہوا وہ ہونا ہی تھا،جن لوگوں نے کورونا کے دوران عوام کی زندگیوں کی پروا ہ نہیں کی اب و ہ خود نشان عبرت بن چکے ہیں۔
