English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

یاسین ملک اور آسیہ انداربی تک رسائی کیلیے ہائی کمیشن کو متحرک کرنیکی تجویز

القمر

اسلام آباد(صباح نیوز)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خارجہ امور نے حکومت کو بھارتی جیلوں میں اسیر آسیہ اندرابی اور یاسین ملک کے معاملے کو عالمی عدالت انصاف میں اٹھانے کی سفارش کردی۔ کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ اگر بھارت کل بھوشن کے لیے عالمی عدالت سے رجوع کرسکتا ہے تو پاکستان بھی یہاں مقیم مظلوم کشمیری خاندانوں کی بھارت میں اسیر شخصیات کے لیے جاسکتا ہے، کمیٹی نے مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے رہنمائوں کے وفود دنیا بھر میں بجھوانے کی سفارش کردی ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔ قائمہ کمیٹی خارجہ امور کا کشمیر پر خصوصی اجلاس بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے آئینی روم میں ہوا، کشمیری رہنمائوں مشال ملک، راجا نجابت، آسیہ اندرابی کے بھانجے، ڈاکٹر مجاہد گیلانی اور دیگر رہنمائوں نے خصوصی دعوت پر شرکت کی۔ خارجہ امور کمیٹی نے بھارتی جیلوں میں آسیہ اندرابی اور یاسین ملک کی صحت کی خرابی پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا ہے ۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ صحت کی خرابی کی وجہ سے یاسین ملک سے متعلق عدالت میں کیس ملتوی کیا گیا اور اب 29 جنوری کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ بانی چیئرمین کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل راجا نجابت حسین نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کی تجاویز سے آگاہ کیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے تنظیم امن و ثقافت کی چیئرپرسن مشال ملک نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ یاسین ملک کے کیس میں بھارت نے وزیراعظم نریندر مودی کے رائٹ ہینڈمونیکا کوہلی کو چیف پراسیکیوٹر مقرر کردیا گیا ہے۔ بھارت کی بدنیتی واضح ہے اس لیے پاکستان کو فوری طورپر یاسین ملک اور آسیہ اندرابی کے معاملے میں عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرنا چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے