کراچی (اے پی پی)جنوبی افریقا اپنے تینوں بولنگ ریوو )ٹی وی جائزہ( سے فائدہ نہیں اٹھا سکا۔ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان نیشنل ا سٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ میں بدھ کو دوسرے روز جنوبی افریقانے اپنے تینوں بولنگ ریوو ضائع کردئیے ۔ 19.4اوورز میں این رچ نارٹ جی نے اظہرعلی کے خلاف ایل بی ڈبیلو کی اپیل کی جوامپائر علیم ڈار نے مسترد کردی جس پر مقررہ وقت کے دوران جنوبی افریقا نے پہلا بولنگ ریوو لیا ، گیند پہلے پیڈ پر لگی ضرور تھی لیکن آف ا سٹمپ سے باہر جارہی تھی، جس کی وجہ سے فیلڈ امپائر کے فیصلے کو برقرار رکھا گیا اور اظہر علی کو ناٹ آئوٹ قرار دیا گیا۔ اسی طرح36.3اوورز میں جورج لینڈے نے اظہر علی کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی دوسری اپیل کی اور اس اپیل کو بھی امپائر احسن رضا نے مسترد کردیا، اس موقع پر جنوبی افریقا نے دوسرا بولنگ ریوو لیا جسے ٹی وی امپائر نے جائزہ لینے کے بعد مسترد کردیا۔ کامنٹری بکس میں موجود کمنٹیٹرز نے تبصرہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس ریوو پر ٹی وی امپائر نے کہا کہ اسے اس بات کا یقین نہیں ہے کہ بیٹسمین پہلے بیٹنگ کرتا ہے یا پہلے پیڈ پر گیند لگتی ہے لہذا وہ آن فیلڈ کال کے ساتھ جارہے ہیں۔

