English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

میرپور خاص: عدالتی حکم پر تجاوزات کیخلاف آپریشن ، عمارتیں مسمار

القمر

 

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عدالتی حکم پر شہر میں تجاوزات کیخلاف آپریشن شروع کردیا، شہر کے کاروباری اور تجارتی علاقوں میں قائم تھلوں اور چھپرے گرانے کے لیے نوٹس اور تجاوزات کو مسمارکرنے کی کارروائی، شہر کے کاروباری اور تجارتی مراکز میں بھی تجاوزات سے شہری سخت پریشان ہیں، ان کا خاتمہ بھی ناگزیر ہے، تاہم عدالت عظمیٰ کے احکامات پر بھی عمل کرتے ہوئے سرکاری زمینوں کو قابضین سے واگزار کرایا جائے۔ عدالت عظمیٰ کی جانب سے سندھ بھر میں سرکاری اراضی، پارکوں، نالوں، نہروں، قدرتی آبی گزرگاہوں، ایمینٹی پلاٹوں سمیت تمام محکموں کی سرکاری زمینوں پر قبضہ ختم کرانے کے حکم پر میرپور خاص کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع کے تمام سرکاری محکموں سے زمینوں پر قبضوں کی تفصیل طلب کرنے کے بعد بھی آپریشن نہیں کیا گیا۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی کی جانب سے سرکاری زمینوں سے قبضہ ختم کرانے کے بجائے شہر بھر کی تمام شاہراہوں، مارکیٹوں، بازاروں میں دکانداروں کے تھلے اور چھپرے گرانے کے لیے نوٹس جاری کررہی ہے۔ گزشتہ روز ایڈمنسٹریٹر بلدیہ و اسسٹنٹ کمشنر شاہدہ پروین جامڑو کی نگرانی میں شہر کے مختلف کاروباری علاقوں میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کرتے ہوئے سامان اپنی تحویل میں لے لیا۔ شہر کے کاروباری، تجارتی مراکز اور شاہراہوں پر قائم تجاوزات شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث تو ہیں ہی لیکن ان تجاوزات سے ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہے، جس کی وجہ سے شہر کے کاروباری اور تجارتی مراکز میں بھی تجاوزات کیخلاف آپریشن ناگزیر ہے جبکہ شہر بھر کے سرکاری پلاٹ جن میں ڈسپنسری، تانگہ اسٹینڈ، گوشت مارکیٹ، محکمہ ریلوے، محکمہ ایریگیشن اور ہائی وے کی قیمتی زمینوں سمیت دیگر سرکاری اراضی پر قبضوں کے بعد دکانیں، پلازہ، بھینس باڑے مکان بنا دیے گئے ہیں، جن کیخلاف نہ ہی ضلعی انتظامیہ کارروائی کررہی ہے نہ ہی ان کو نوٹس دیے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ کچھ ماہ قبل بھی میونسپل کمیٹی کے سابق سی ایم او سید شفیق شاہ نے میرپور خاص شہر کے اربوں روپے کے رفاعی پلاٹوں پر قبضے کی رپورٹ افسران نے دی تھی، جس پر ابتک کوئی عملدرآمد نہ ہوسکا۔ شہریوں نے اپیل کی ہے کہ شہر کے کاروباری مراکز میں قائم تجاوزات کے ساتھ ساتھ مختلف محکموں کی سرکاری اراضی پر قبضے ختم کرائے جائیں اور قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی کی جائے تاکہ سرکاری زمینوں کو قبضہ مافیا سے واگزار کراکر اربوں روپے کی زمینیں حکومت کے سپرد کی جاسکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے