ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) 9 فروری کو حیدرآباد میں ہونے والا پی ڈی ایم کا جلسہ تاریخی ثابت ہوگا، ٹنڈو محمد خان سے سیکڑوں گاڑیوں کا قافلہ جلسے میں شرکت کے لیے روانہ ہوگا، ضلع بھر کو پاکستان پیپلز پارٹی کے پرچموں اور بینرز سے سجایا جارہا ہے، کارکنان جلسے میں بھرپور شرکت کی تیاریاں شروع کریں، ایم پی اے و ضلعی صدر سید اعجاز شاہ بخاری کا اجلاس سے خطاب۔ 9 فروری کو پی ڈی ایم کی جانب سے حیدرآباد میں کیے جانے والے تاریخی جلسہ عام کے سلسلے میں ضلع ٹنڈو محمد خان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کارکنان کا ایک اجلاس ایم پی اے عبدالکریم سومرو کی رہائشگاہ پر منعقد ہوا، جس میں عہدیداران و کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر جنرل باڈی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے سید اعجاز شاہ بخاری نے کہا کہ کارکنان اپنے محبوب قائد بلاول زرداری کا خطاب سننے کے لیے تیار ہیں، ہم اپنے قائد اور پی ڈی ایم کے رہنماؤں کو حیدرآباد آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کو دیوالیہ کرنے کی راہ پر گامزن ہیں۔ وفاقی کابینہ میں شامل تمام وزرا کرپشن میں مصروف ہیں۔ وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث عام آدمی کی زندگی عذاب بن کر رہ گئی ہے۔ مہنگائی نے عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 فروری کو حیدرآباد میں ہونے والا پی ڈی ایم کا جلسہ عمران خان کی حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، جس کے بعد عمران خان اپنے نالائق وزیروں کیساتھ گھر جانے پر مجبور ہوجائیں گے۔ اجلاس سے پیر ثاقب جان سرہندی، نور احمد ویسریو، معشوق بھٹی، ارشاد میمن، جمن کہر، پپن بھٹی، سلطان چانڈیو ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں پیپلز پارٹی کے مرحوم رہنماء حاجی غلام محمد جت اور سابق سیکرٹری بلدیات علی احمد لونڈ کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی گئی۔
