برلن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے اپنے پیش رو کے کئی فیصلوں کو ختم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے نئے امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اپنی جرمن ہم منصب اینگریٹ کرامپ کارین باؤر سے کہا ہے کہ امریکی فوج جرمنی میں اطمینان محسوس کرتی ہے۔ واضح رہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جرمنی میں مقیم امریکی فوجیوں کی تعداد میں 25 فیصد تک کمی کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جرمن وزارت دفاع نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ لائیڈ آسٹن نے دوران گفتگو بتایا کہ امریکی فوجیوں کا جرمنی میں قیام انتہائی قابل قدر ہے۔ جرمن حکام کو اس بات کی قومی امید رہی ہے کہ امریکا میں صدر بائیڈن کی قیادت میں نئی انتظامیہ ٹرمپ کے اس فیصلے کو واپس لے گی۔ دوسری جانب جرمن عدالت نے اپنے ایک فیصلے میں کہا ہے کہ جرمنی میں موجود غیر ملکی فوجیوں کو یہ استثنا حاصل نہیں ہو سکتا کہ ان کے خلاف جنگی جرائم کے الزامات کی کارروائی نہ کی جا سکے۔ عدالتی فیصلے کے بعد جرمنی میں مقیم ایسے غیر ملکی فوجیوں کے خلاف قانونی کارروائی ممکن ہو گئی ہے، جن پر جنگی جرائم کے الزامات ہیں۔
