کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کیلیے پاکستان ٹیم کا اعلان آج اتوار کوکیا جائے گا، سیریز کا آغاز 11 فروری سے ہوگا، لاہور میں ہونے والے میچز کے لیے قذافی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش آخری مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ ٹیسٹ سیریز کے بعد پاکستان ٹیم کا اگلا اسائنمنٹ جنوبی افریقاکے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز ہے جس کے لیے ٹیم کا اعلان اتوار کو کیا جائیگا،لاہور میں 11فروری سے شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں،سیریز کیلیے گرائونڈ تیار ہوگیا ہے، دھوپ نکلنے کی وجہ سے گرائونڈ اسٹاف کو ٹی ٹوئنٹی کے تقاضوں کے مطابق وکٹوں کی تیاری کا اچھا موقع مل گیا ہے۔لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم کا سرسبز گرائونڈ خوبصورت منظر پیش کررہا ہے اور یہاں تیاریاں بھی آخری مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں۔پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچز کا آغاز شام 6 بجے ہوگا، میچ کا ٹاس ساڑھے 5 بجے ہوگا جبکہ کووڈ کی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی تماشائیوں کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچز11، 13 اور 14 فروری کو قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔
