کراچی/ اسلام آباد/سکھر (اسٹاف رپورٹر/ خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں تعلیمی ادارے کل سے کھل جائیں گے۔ سندھ میں امتحانات کا طریقہ اور دورانیہ تبدیل کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم شفقت محمود نے ہفتے کو یکم فروری سے پرائمری، مڈل اسکول اور یونیورسٹیاں کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کی وجہ سے تعلیم کا کافی نقصان ہوا ہے‘ ہم صورتحال کا جائزہ بھی لیتے رہیں گے لیکن اب تعلیمی ادارے کھولنے کا وقت آگیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق اس سال نویں اور دسویں کے امتحانات مارچ اور اپریل کے بجائے یکم سے 15جولائی تک جبکہ گیارہویں اور بارہویں کے امتحانات 28 جولائی سے16 اگست تک ہوں گے‘ نرسری سے آٹھویں تک کے امتحانات7 جون سے ہوں گے جبکہ ان کے نتائج27 جون تک جاری کردیے جائیں گے‘ اس سال جامعات میں داخلے15 اکتوبر کے بعد ہوں گے‘ آئندہ تعلیمی سال یکم اگست 2021ءسے شروع ہوگا‘ اس سال امتحانات کا دورانیہ 3 گھنٹے کے بجائے2 گھنٹے کردیا گیا ہے‘ اس سال پرچہ 50 فیصد ایم سی کیوز، 30 فیصد شورٹ اور 20 فیصد لانگ سوالات پر مشتمل ہوگا‘ اس وقت تک کراچی کے کالجز میں1.7 فیصد جبکہ اسکولوں میں 5.5 فیصد کے تناسب سے کورونا کے مثبت کیسز آئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ اساتذہ کی بھرتیاں آئی بی اے سکھر کی معرفت ہی ہوں گی اور وہی ٹیسٹ لیں گے اس کے لےے آئی بی اے سکھر اور محکمہ تعلیم سندھ کے مابین ایم او یو پر دستخط بھی کےے گئے ہیں۔ اَدھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں کورونا کے41 ہزار435 ٹیسٹ کیے گئے، اس طرح ٹیسٹوں کی مجموعی تعداد 78 لاکھ 89 ہزار 741 ہوگئی ہے۔ مزید 2 ہزار 179 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 43 ہزار214 ہوگئی ہے۔ مزید ایک ہزار407 افراد صحت یا ب ہوئے ہیں‘اس طرح اب تک 4 لاکھ 98 ہزار 152 کورونا مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔ ملک میں وبا نے مزید 65 افراد کی جان لے لی ہے ، جس کے بعد اس وبا سے لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد 11 ہزار 623 ہوگئی ہے۔ اس وقت ملک میں فعال کیسز کی تعداد 33 ہزار439 ہے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6 مریض انتقال کرگئے جبکہ774 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 743 افراد صحتیاب ہوئے ہیں‘12698 نمونوں کی جانچ کی گئی‘مزید743مریض صحتیاب ہوئے‘ اس وقت18343مریض زیر علاج ہیں‘ 792مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں سے81 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ774 نئے کیسز میں سے509 کا تعلق کراچی سے ہے ۔ کورونا ویکسین کی پاکستان منتقلی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، ویکسین پاکستان لانے کے لیے پی آئی اے کی جگہ ائر فورس کی خدمات حاصل کر لی گئیں۔ چین نے پاکستان کو 5 لاکھ ویکسین مفت دینے کا اعلان کیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین یکم فروری بروز پیر کو پاکستان پہنچنے کا امکان ہے، پہلی کھیپ میں کورونا ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں آئیں گی‘ پاک فضائیہ کا آئی ایل 78 طیارہ ویکسین لانے کے لےے آج (اتوار کو) بیجنگ جائے گا۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمرنے کہا ہے کہ کوویکس کی جانب سے ایک کروڑ 70 لاکھ ویکسین ڈوز فراہم کرنے کا خط موصول ہوا ہے‘ ویکسین فروری سے ملنا شروع ہوںگی‘60 لاکھ ویکسین مارچ تک مل جائے گی۔
