English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

یوم یکجہتی کشمیر کے بعد عوام حکمرانوں کا گھیراؤ کریں گے‘ حافظ نعیم الرحمن

القمر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی کے تین کروڑ عوام کو ان کا جائز اور قانونی حق دینے اور شہر کے گمبھیرمسائل کے حل کے لیے کراچی میں دو بارہ مردم شماری کرائی جائے ، کراچی میں با اختیار شہری حکومت کے لیے موجودہ لوکل باڈی ایکٹ ختم کر کے فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کا اعلان کیا جائے ، معمار موڑ سے 4k چورنگی تک صنعتی ایریا کی سڑک کو جلد سے جلد تعمیر کیا جائے ، اگر انتظامیہ نے 4-k چورنگی کی تعمیر نہیں کی تو یوم یکجہتی کشمیر کے بعد عوام حکمرانوں کا گھیراؤ کریں گے۔ 28 فروری کو قائد آباد سے گورنرہاؤس تک مارچ کریں گے ، کارکنان عوامی رابطہ مہم تیز کر دیں اور گھر گھر جا کر عوام سے رابطہ کریں، جماعت اسلامی عوامی دباؤ کے ذریعے ہی مسائل حل کرائے گی، 28 فروری کو قائد آباد سے گورنر ہاؤس تک مارچ کریں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع شمالی کے تحت 4-Kچورنگی کی خستہ حالی اورچورنگی کے متصل شاہراہ ٹوٹ پھوٹ کیخلاف احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ دھرنے سے امیرجماعت اسلامی ضلع شمالی محمد یوسف ودیگر ،نائب امراء ضلع شمالی رضوان شاہ و مقصود احمد خان ،جے آئی یوتھ کے صدر فیصل جمیل ،ناظم علاقہ نیو کراچی شکیل احمد،سائٹ سپر ہائی وے ایسوسی ایشن عامر سرفراز نے بھی خطاب کیا۔دھرنے میں بچے ،بوڑھے ،مرد وخواتین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔دھرنے کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر تحریر تھا کہ شرم کرو حیا کرو 4kچورنگی تعمیر کرو،ایم این ایز اور ایم پی ایز 4kچورنگی کی پکار پر توجہ فرمایئے،سیوریج اور روڈ کا نظام درست کیا جائے ،حق دو کراچی کو ،پورا ٹیکس آدھی گنتی نامنظور نامنظور،گیس کی لوڈ شیڈنگ ختم کرو،کراچی کے عوام کا نعرہ مردم شماری دوبارہ،نوجوانوں کو روزگاردو،کراچی کو ٹرانسپورٹ دو،دھرنے شرکاء وفاقی وصوبائی حکومتوں کے خلاف زبردست نعرے بھی لگائیں جن میں یہ نعرے شامل تھے۔نعرے تکبیر اللہ اکبر ،حق دو کراچی کو ،4Kچورنگی تعمیر کروورنہ اقتدار چھوڑدو۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ پاکستان کی معیشت کو چلانے والی صنعتوں ،سی این جی اسٹیشنز اور گھریلو صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے ، گرین لائین سسٹم کو فی الفور فعال بناتے ہوئے شہر میں ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حل کے لیے کم از کم 1ہزار بسیں فوری طور چلائی جائیں ،تعلیم ،صحت ، پانی، سیوریج ، اسپورٹس اور سالڈ ویسٹ کا مربوط اور مؤثر نظام بنایا جائے ، جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک تین کروڑ عوام کے دل کی آواز اور ترجمان ہے ۔ پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی نے کراچی کے مفادات کے خلاف اتحاد کیا ہوا ہے ،حکمران پارٹیوں نے آپس میں گٹھ جوڑ کر ررکھا ہے ، پیپلز پارٹی برسوں سے مسلسل کراچی دشمنی کا مظاہرہ کر رہی ہے ، ایم کیو ایم اقتدار کے مزے تو لیتی ہے لیکن کراچی کے بنیادی اور دیرینہ مسائل کے حل کے لیے کچھ نہیں کرتی ، پی ٹی آئی نے بھی ڈھائی سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود کراچی کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا بلکہ اس نے اور ایم کیو ایم نے مل کر پہلے کوٹہ سسٹم میں غیر معینہ مدت تک اضافہ کرکے اور پھر جعلی اور متنازعہ مردم شماری کی منظوری دے کر کراچی دشمنی کی انتہا کر دی ۔ محمد یوسف نے کہاکہ 4kچورنگی قاتل چورنگی بن چکی ہے ، یہاں کئی حادثات ہوچکے ہیں ،4kچورنگی کی تعمیر گرین لائن منصوبے کا حصہ تھی لیکن اب تک اس منصوبہ کو تکمیل نہیں کیا گیا ،جماعت اسلامی حکام بالا سے مطالبہ کرتی ہے کہ فوری طورپر 4kچورنگی کی تعمیر کرے تاکہ پھر سے ایسے حادثات نہ ہوں۔انہوں نے کہاکہ دھرنے میں 4Bسیکٹر سے مائیں بہنیں شریک ہیں اور حکمرانوں نے مطالبہ کررہی ہیں کہ سڑکوں کی تعمیر کروائی جائے ،سیوریج کا نظام درست کیا جائے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے