کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ ملک کی پہچان اور بڑا برانڈ بن چکی ہے’ دنیا میں لیگ کرکٹ کھیل چکا ہوں لیکن پی ایس ایل جیسی معیاری بولنگ کسی اور لیگ میں نہیںدیکھی’ پی ایس ایل میں کھیلنے کا منتظر ہوں’ اپنی پرفارمنس مداحوں کو مایوس نہیں کروں گا۔ انٹرویو میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ ملک کی پہچان اور ایک بڑا برانڈ بن چکا ہے، سب کی ذمہ داری ہے کہ اس کو مل کر کامیاب بنائیں۔ دنیا کے کرکٹرز پاکستان سپر لیگ میں کھیلنے کے خواہش مند ہیں جس سے پی ایس ایل کے معیار کا اندازہ ہوتا ہے۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا منتظر ہوں اور اپنی فٹنس اور پرفارمنس سے مداحوں کو مایوس نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں بولنگ کا معیار بہت بلندہے۔ دنیا میں لیگ کرکٹ کھیل چکا ہوں لیکن پی ایس ایل جیسی بولنگ کسی اور لیگ میں نہیں دیکھی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کی تمام ٹیمیں سخت ہیں اور شائقین کو اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ اس لیگ کی وجہ سے ملک میں نیا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے نوجوان کھلاڑیوں کے لئے ایک اچھا موقع ہے کہ اس میں پرفارم کریں اور اپنے کیریئر میں آگے بڑھیں۔

