English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

محمد حفیظ نے پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ لینے سے انکار کردیا

کراچی(سید وزیر علی قادری) رواں سیزن میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پی سی بی ٹیسٹ کرکٹر آف دی ائر 2020، محمد رضوان اور فواد عالم کو پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ کی لسٹ برائے 21-2020 میں ترقی دے دی گئی 28 سالہ محمد رضوان کو سینٹرل کنٹریکٹ کی بی کٹیگری سے ترقی دے کر اب اے کٹیگری کا حصہ بنادیا گیا ہے۔ اس کٹیگری میں وکٹ کیپر بیٹسمین کے علاوہ کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابراعظم، اظہر علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔ محمد رضوان رواں سیزن ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں۔ وہ 7 ٹیسٹ میچوں میں 52.90کی اوسط سے 529 رنز بناچکے ہیں۔ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی اس فہرست میں ان کا نمبر تیسرا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں وہ 65 کی اوسط سے 325 رنز بناچکے ہیں۔ زمبابوے کے خلاف تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں انہوں نے 25 رنز بنائے ہیں۔عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو نوازنے کی پالیسی کے تحت پی سی بی نے فواد عالم کو ڈومیسٹک کرکٹ کی اے پلس کٹیگری سے سینٹرل کنٹریکٹ کی سی کٹیگری میں ترقی دے دی ہے۔ پی سی بی نے ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ محمد حفیظ کو بھیسینٹرل کنٹریکٹ کی سی کٹیگری کی پیشکش کی تھی مگر انہوں نے اسے قبول کرنے سے معذرت کرلی۔ فواد عالم نے حال ہی میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 2 سنچریاں اسکور کیں۔ اس دوران انہوں نے 6 ٹیسٹ میچوں کی 11 اننگز میں 2 سنچریاں بنائی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا تھا وہسینٹرل کنٹریکٹ میں ترقی پانے پر محمد رضوان اور فواد عالم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، یہ ان دونوں کھلاڑیوں کی بائیو سیکیور ماحول کے مشکل حالات کے باوجود انتھک محنت اور اعلیٰ کارکردگی کاصلہ ہے۔وسیم خان نے کہا کہ انہوں نے کھلاڑیوں کو ترقی دینے کا یہ فیصلہ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ محمد وسیم سے ملاقات میں کیاہے، اس ملاقات میں ہم نے کھلاڑیوں کی سیزن 21-2020 کے دوران کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ رواں سیزن میں اب تک تین کھلاڑیوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا، لہٰذاسنٹرل کنٹریکٹ کی لسٹ برائے 22-2021 کا انتظار کرنے کی بجائے ہم نے انہیں ترقی دینا کا فیصلہ کیا تاہم محمد حفیظ نے اس پیشکش کو مسترد کردیا، جس پر مایوسی ضرور ہوئی ہے مگر ہم ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ رواں سیزن میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر کھلاڑیوں کو دوران سیزن ترقی ملنے سے تمام کھلاڑیوں کو ایک واضح پیغام ملے گا کہ پی سی بی اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو نہ صرف سراہتا ہے بلکہ وہ انہیں اعزازسے بھی نوازتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے