کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی فٹبال ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام کورنگی بلوچ فٹبال گرائونڈ میں جاری سر اقبال یادگاری ویٹرنز لیگ فٹبال ٹورنامنٹ کے سلسلے میں آج گروپ بی کے سلسلے کا ایک انتہائی اہم میچ نیشنل سوکر ویٹرنز الیون اور برما ویٹرنز الیون کے درمیان کھیلا گیا۔اس میچ کے مہمان خصوصی برما آفریدی فٹبال کلب کے روح رواں یونس آفریدی تھے۔اس موقع پر ماضی کے نامور فٹبالر استاد سنبل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ میچ سے قبل میمان خصوصی سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا۔.اس میچ کا آغاز انتہائی جارحانہ انداز میں ہوا۔دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دوسرے کے خلاف برتری حاصل کرنے کے لیے بڑے خوبصورت موومنٹس بنائے، اور میچ کے پہلے ہاف کے آخری لمحات میں نرما ویٹرنز کی جانب سے، عبداللہ شاہ نے ایک خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلادی جو میچ کے اختتام تک قائم رہی۔ اس طرح برما ویٹرنز کی ٹیم نے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات روشن کرلیے۔اس میچ میں ریفری کے فرائض محمد عمر نے انجام دیے اور اسسٹنٹ ریفریز کے طور پر داد رحمن اور ریاض احمد موجود تھے ۔جبکہ میچ کمشنر کے فرائض گل محمد کامریڈ اور وصی اللہ خان نے انجام دیے۔کل 13 مارچ کو ٹورنامنٹ کے سلسلے میں ایک میچ پاکستان انٹرنیشنل ویٹرنز الیون اور سر طارق لطفی ویٹرنز الیون کے مابین شام 4 بجے کھیلا جائے گا۔
