نوشہرہ(صباح نیوز)حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ترجمان میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ لانگ مارچ بہر صورت ہوگا۔ نوشہرہ پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں یوسف رضا گیلانی جیت گئے تھے، حکومت خود پارلیمان کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث ہے 16مارچ کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں اہم فےصلے ہوں گے۔ترجمان نے کہا کہ عمران خان وزرا اور ممبران سے بد اعتماد ہو چکے تھے کہ انہوں نے خفےہ کیمرے بھی نصب کرادیے، تحقےقات بھی وہ لوگ کر رہے ہیں جنہوں نے کیمرے نصب کرائے ،جب بات نہ بنی تو پی ڈی ایم کے امیدوار کے ووٹ مسترد کرادیے، حکومت رٹ قائم کرنے میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے۔
