نئی دہلی(جسارت نیوز)نیزہ بازی ورلڈ کپ کوالیفائنگ میں پاکستان نے بھارتی سرزمین پر بڑا کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے گولڈ میڈل جیت لیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی نیزہ باز امتیاز حسین نے نمبر ون ورلڈ کپ کوالیفائنگ میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا ۔ بھارت کے شہر گریٹر نوئیڈا میں جاری ایونٹ میں 5 رکنی پاکستان ٹیم نے شاندار کارکردگی پیش کی۔امتیاز حسین نے ایونٹ میں سب کو پیچھے چھوڑا۔ انفرادی لانس مقابلے میں محمد امتیاز نے 42 پوائنٹس کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا۔امتیاز کا کہنا تھا کہ میں تمام ٹیموں کو بقیہ چمپئن شپ کے لیے نیک نصرت کی خواہش کرتا ہوں۔ دوسری طرف نیپال کے کپل نے 38 پوائنٹس کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا اور بھارت سے تعلق رکھنے والی جینا نے 34.5 پوائنٹس کے ساتھ کانسی کا تمغہ جیتا۔بھارتی ٹیم نے پہلے روز ٹیم لانس مقابلے میں 126.5 پوائنٹس کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا۔ پاکستان نے 124 پوائنٹس کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا اور نیپال نے 121 پوائنٹس کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیتا ۔ تین دن تک جاری رہنے والے مقابلوں میں بھارت ، پاکستان اور نیپال کے علاوہ بیلاروس اور امریکا کے سوار بھی حصہ لے رہے ہیں۔ان میں سے صرف ایک ہی ٹیم ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرے گی جو 2023 میں جنوبی افریقا میں ہوگا۔
