لاہور (سید وزیر علی قادری):دورہ جنوبی افریقا کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ میں 7 اضافی کھلاڑیوں کو طلب کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تربیتی کیمپ میں طلب کرنے والے کھلاڑیوں میں عماد بٹ، خوشدل شاہ، محمد عمران، فیصل اکرم، نسیم شاہ، شاہنواز دھانی اور زاہد محمود شامل ہیں،یہ کرکٹرز کیمپ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کی زیرنگرانی تربیت حاصل کریں گے۔
ان 7 کھلاڑیوں میں شامل 2 کرکٹرز شاہنواز دھانی اور زاہد محمود دورہ زمبابوے کے لیے اعلان کردہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بھی ہیں، دوسری جانب، قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے اعظم خان اور صہیب مقصود کو بھی نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور طلب کرلیا ہے۔
جہاں یہ دونوں کرکٹرز این ایچ پی سی کے کوچز کی زیرنگرانی فزیکل ٹریننگ کریں گے. علاوہ ازیں، این ایچ پی سی کے کوچز کی زیر نگرانی ایک کیمپ چھبیس مارچ کو قومی اسکواڈ کی جنوبی افریقا روانگی کے بعد بھی لگایا جائے گا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ میں طلب کردہ 7 کھلاڑیوں کے علاوہ مزید 2 کھلاڑیوں کو لاہور طلب کرنا ہماری اس پالیسی کا حصہ ہے کہ جس کے تحت ہم اپنے مایہ ناز کرکٹرز کو صلاحیتیں نکھارنے کے مواقع فراہم کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل وہ 25 ایسے کھلاڑیوں کو بھی این ایچ پی سی طلب کر چکے ہیں کہ جو پی ایس 6 کا حصہ نہیں تھے تاکہ وہ اعلیٰ پایہ کے کوچز کی این ایچ پی سی میں موجودگی کا بھرپور فائدہ اٹھاسکیں۔

