اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نیا پاکستان در حقیقت نئی سوچ اور مائنڈ سیٹ کا نام ہے جبکہ عوام نے مینڈیٹ دیا ہے ہمارااحتساب 5 سال بعد ہونا چاہیے ، انتہائی غریب افراد کو 7ہزار سے زاید گھر بنا کر دے دیے ہیں، 2نئے شہر بنارہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محنت کش طبقہ میں گھروں اور فلیٹس الاٹ کرنے کی تقریب خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 50 لاکھ گھروں کے منصوبے سے لوگوں کو گھر ملنا شروع ہو گئے ہیں، انتہائی غریب افراد کو 7 ہزار سے زاید گھر بنا کر دے دیے ہیں، 2 نئے شہر بنا رہے ہیں جس سے 50 لاکھ گھروں کا ہدف پورا کرلیں گے، 18ویں ترمیم کے بعد اختیارات صوبوں کے پاس ہیں، چاہتے ہیں کہ سندھ حکومت بھی تعمیرات کے شعبے میں دی گئی مراعات سے فائدہ اٹھائے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آئندہ ماہ فوڈ سیکورٹی کا پورا پروگرام لارہے ہیں، حکومت میں آئے تو پہلے دن ہی کہا گیا یہ فیل ہوگئے ہیں، بار بار حکومت جانے کی پیش گوئیاں ہوتی رہیں، ہمیں عوام نے 5 سال کے لیے مینڈیٹ دیا ہے اور ہم 5سال کے لیے آئے ہیں، 5سال بعد احتساب ہونا چاہیے کہ ہم نے ملک اور عوام کے لیے کیا کیا۔قبل ازیں اسلام آباد میں محنت کشوں اور بیواؤں میں مکانات اور فلیٹس کی تقسیم کے لیے قرعہ اندازی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام بہترین منصوبہ ہے، نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں تعمیر شدہ فلیٹس اور گھر شامل ہیں، 25 سال پرانے منصوبے کو بدلنا بڑی کامیابی ہے ، شہروں میں سرکاری ملازمین کے لیے بھی گھر بنانا نا ممکن ہوتا ہے، ہم کسی پر احسان نہیں کررہے، یہ محنت کشوں کا حق ہے، ملک میں کبھی مزدور طبقے کے لیے نہیں سوچا گیا، ہمیں ہم نے پیچھے رہ جانے والے طبقے کو اوپر لانا ہے۔ محنت کش کرائے کے مکان میں رہتے ہیں، اب کرایہ مکان کی قسطوں میں جائے گا اور مکان ان کی ملکیت ہوجائے گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ نیا پاکستان نئی سوچ اور مائنڈ سیٹ کا نام ہے، حکومت ہر گھر اور ہرفلیٹ پر 3 لاکھ روپے سبسڈی دے رہی ہے، حکومتی آمدنی بڑھتی رہے گی ہم قرضے بڑھاتے رہیں گے، امیر ترین ملک بھی گھر نہیں بانٹ سکتے، اس منصوبے میں بینک شامل نہ ہوتے تو ہم یہ کام نہیں کرسکتے تھے، متعلقہ قانون کے عدالت میں زیر التوا ہونے کے سبب اس کام میں 2 سال تاخیر ہوئی۔وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ پہلی بارہم نے کنسٹرکشن انڈسٹری کو سہولتیں دی ہیں، ہماری کنسٹرکشن کی صنعت آگے بڑھ رہی ہے، سیمنٹ اور سریے کی قیمت بڑھنے کی وجہ یہ ہے کنسٹرکشن انڈسٹری ترقی کررہی ہے۔

