English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

یمن ،وزیر پر بم حملہ صدارتی محل پر اڑنے والا ڈرون تباہ

عدن: فوجی اہلکار دھماکے کے مقام کا جائزہ لے رہے ہیں‘ چھوٹی تصویر وزیر عبدالناصر الوالی کی ہے

عدن (انٹرنیشنل ڈیسک) یمن میں آئینی حکومت کے وزیر شہری امور عبدالناصر الوالی کے قافلے پر ایک بم حملہ کیا گیا، تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کے روز عبوری دارالحکومت عدن کے وسط میں مملاح روڈ پر اس وقت کیا گیا جب حکومتی وزیر کا قافلہ گزر رہا تھا۔ اس دوران اچانک سڑک کے کنارے نصب بم پھٹ گیا۔ اس بم دھماکے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور وزیر بھی مکمل طور پر محفوظ رہے ہیں۔ خیال رہے کہ یہ بم دھماکہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب عدن میں صدارتی محل معاشیق پر ڈرون طیارے سے حملے کی ناکام کوشش کی گئی تھی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا، جبمشتعل ہجوم نے معاشیق صدارتی محل پر دھاوا بول رکھا تھا۔ مظاہرین ابتر معاشی صورت حال کے خلاف اور ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ یمنی حکومت نے اس احتجاجی مظاہرے کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے مشتعل ہجوم کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ یمنی حکومت نے ایک بیان میں کہا کہ عدن کے صدارتی محل پر مظاہرین کا حملہ کسی طور پر قانونی دائرے میں پُرامن مظاہرہ نہیں تھا۔ یہ دنگا فساد، مملکت اور قانون پر حملہ تھا۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال کے آخر میں عدن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر میزائلوں سے حملہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں 26 افراد جاں بحق اور 110 زخمی ہوگئے تھے۔ ادھر یمن میں آئینی حکومت کے تحفظ کے لیے سرگرم عرب اتحاد نے یمن کے شہر عمران سے حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب پر بمبار ڈرون سے حملے کی کوشش ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ عرب اتحاد نے ڈرون اڑائے جانے سے قبل ہی اسے اس کے اڈے پر بمباری کر کے تباہ کیا۔ اتحادی فوج کی طرف سے ایک وڈیو جاری کی گئی ہے، جس میں فوجی کارروائی میں حوثی ملیشیا کے ڈرون کو اس کے اڈے پر ہی تباہ کیے جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اتحادی فوج کا کہنا ہے کہ وہ یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی پر جارحانہ حملوں کی روک تھام اور حوثیوں کی دہشت گردی کچلنے کے لیے ہمہ وقت مستعد اور تیار ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے