English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکا،نائب صدر کی رہائش گاہ پر بم حملے کی کوشش ناکام

امریکا: مساج پارلروں پر فائرنگ کے ہلاکت خیر واقعے کے بعد ملک میں بڑھتے نسل پرستانہ حملوں کے خلاف ایشیائی باشندے احتجاج کررہے ہیں

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی نائب صدر کملا ہیرس کی سرکاری رہایش گاہ پر بم حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق رہایش گاہ کے باہر سے ایک مسلح شخص کو بارودی مواد سے بھری گاڑی کے ساتھ حراست میں لیا گیا۔ مسلح شخص کے پاس سے رائفل اور شارٹ گن بھی برآمد ہوئی۔ واقعے کے وقت کملا ہیرس گھر میں جاری مرمتی کام کے باعث موجود نہیں تھیں۔ امریکی میڈیا کا کہنا ہے مشتبہ شخص کی شناخت 31 سالہ پال مورے کے نام سے ہوئی، جو سان اینٹونیو کا رہایشی ہے۔ اسے خفیہ اداروں کی رپورٹ کے بعد حراست میں لیا گیا۔ دوسری جانب امریکا میں ایشیائی امریکیوں کے خلاف نفرت اور جرائم میں خطرناک حد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق سال بھر میں 3 ہزار 800 واقعات پیش آئے۔ بدھ کے روزاٹلانٹا میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں میں 6ایشیائی خواتین بھی شامل تھیں۔ امریکا میں ایشیائی باشندوں کا اطلاق چینی، کوریائی، فلپائنی، ویتنامی اورجاپانی شہریوں پر کیا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایشیائی امریکیوں کے خلاف جرائم میں اضافہ کورونا کے پھیلاؤ اور ٹرمپ کی نفرت انگیز تقاریر کے بعد ہوا۔ ٹرمپ کے دور میں سفیدفام بالادستی میں دو گنا اضافہ دیکھا گیا۔ اس سے قبل امریکی خفیہ اداروں نے اپنی رپورٹ میں خبردار کیا تھا کہ ملک کو سب سے بڑا خطرہ داخلی انتہا پسندی سے ہے۔ مقامی انتہا پسند شہریوں اور حکومت پر حملوں کی منصوبہ بندی کر سکتے ہیں۔ بدھ کے روز جاری کی جانے والی رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ منصوبہ بندی انفرادی سطح پر یا چند افراد پر مشتمل گروہوں کی جانب سے ہو سکتی ہے، جو پُرتشدد نظریات رکھتے ہیں۔ نسل پرست مختلف امور کو وجہ بنا کر عوام کو تشدد پر ابھار رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے