کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ فردوس عاشق اعوان پارلیمان اور وفاقی کابینہ میں رہنے کے باوجود قانون سے عاری ہیں، اگر پیپلز پارٹی پر الزام لگانے سے قبل قانون کی کتاب کا مطالعہ کرلیتیں تو زیادہ بہتر ہوتا۔
فردوس عاشق اعوان کی کراچی میں پریس کانفرنس کے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ پورا ملک جانتا ہے کہ یہ لوگ اپنی ذات میں خود کو انجمن سمجھتے ہیں، قانون کی کتاب پر عمل کرنا ان کے لیے ممکن نہیں، فردوس عاشق اعوان کراچی میں حلیم عادل شیخ سے دریافت کرتیں کہ وہ ضمنی الیکشن کے روز اسلحہ برادر جتھے کے ساتھ درسانو چنہ ملیر کیا کرنے گئے تھے؟
ترجمان سندھ حکومت نے سوال کیا کہ فردوس عاشق پرامن پولنگ رکوانے کو جرم نہیں تو کیا نام دیں گی ؟ ان کے نزدیک پولنگ اسٹیشن پر فائرنگ کرنا جرم نہیں تو کیا ہے؟ سرکاری اراضی کے غیر قانونی استعمال کو محترمہ کیا نام دیں گی؟ مگرمچھ کے آنسو بہانے کے بجائے قانون کی پاس داری کریں، پیپلز پارٹی کی حکومت قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے۔
یہ پڑھیں : پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کو ذبح کردیا، فردوس عاشق
بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ کیا ہی اچھا ہوتا کہ فردوس صاحبہ ملکی تباہ حال معیشت پر بھی لب کشائی فرما لیتیں! کراچی آکر بھی آپ نے وزیراعظم کی اے ٹی ایمز کا دفاع کیا، آپ کی حکومت نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا، عوام پہلی بار دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں، تاریخی مہنگائی اور نیازی صاحب نے ملکی عوام کی حقیقت میں چینخیں نکلوا دی ہیں۔
بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ آپ کی حکومت کسانوں سے لے کر عام آدمی کا استحصال کررہی ہے، نااہلوں کے ٹولے نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، یاد رکھیں سلیکٹڈ نیازی سرکار یوٹرن کے سہارے زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتی۔
