کوئٹہ (نمائندہ خصوصی)یوتھ ہاکی ڈویلپمنٹ ویڑن کے تحت ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز بلوچستان کے زیراہتمام ، پاکستان ہاکی فیڈریشن اور بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کی زیرنگرانی قومی کھیل کے فروغ ، ترقی اور بحالی کے لئے حکومت بلوچستان کی جانب سے آل پاکستان چیف منسٹر بلوچستان گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کا شاندار افتتاح کردیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان تھے۔مہمان خصوصی نے ہاکی اسٹک سے گیند کو ہٹ لگا کر ایونٹ کا افتتاح کیا۔ ایونٹ میں شامل ٹیموں نے افتتاحی تقریب میں سبر ہلالی پرچموں کے ساتھ خوبصورت مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔مارچ پوسٹ کی قیادت 1994 عالمی ہاکی چیمپین اولمپین انجم سعید نے کی۔ مارچ پاسٹ میں اولمپیئن عثمان شیخ۔ اولمپین شکیل عباسی، اولمپین ذیشان اشرف، عماد شکیل بٹ انٹرنیشنل، اظفر یعقوب انٹرنیشنل، مجاہد افضل انٹرنیشنل سمیت انٹرنیشنل کھلاڑی بھی موجود تھے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ قومی کھیل کی بحالی کے لئے بلوچستان اپنا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی معاونت سے صوبہ بلوچستان میں ہاکی کے مزید ایونٹس کا انعقاد کرایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ خواہش ہے کہ بلوچستان سے شکیل عباسی اور ذیشان اشرف جیسے اولمپیئن قومی کھیل کے دھارے میں شامل ہوکر صوبہ کا نام روشن کریں۔ کرکٹ پر بہت کام ھو چکا اب وقت متقاضی ہے کہ قومی کھیل کی بحالی اور ترقی کے لئے کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 15 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ ایونٹ کی رنراپ ٹیم کو10 لاکھ روپے اور تیسری پوزیشن کے لئے 5 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا ۔افتتاحی میچ بلوچستان کلرز اور آزاد جموں کشمیر کے مابین کھیلا گیا جوکہ بلوچستان کلرز نے ایک کے مقابلہ میں3 گول سے جیت لیا۔ میزبان اور فاتح ٹیم کی جانب سے اولمپین شکیل عباسی نے 2 شاندار فیلڈ گول سکور کیے اجبکہ آئوٹ سائیڈ لیفٹ معراج نے خوبصورت کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک گول اسکور کیا۔

