لاہور(جسارت نیوز) دورہ جنوبی افریقا کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میں شامل تمام 35 ارکان کے کووڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے۔ ان 35 ارکان میں 22 کھلاڑی اور 13 ٹیم آفیشلز شامل ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم آج صبح بذریعہ چارٹرڈ فلائٹ جوہانسبرگ روانہ ہوگی۔قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ جنوبی افریقا میں 3 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز اور 4 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز شامل ہیں۔قومی اسکواڈ وہاں سے 17 اپریل کو 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلنے ہرارے روانہ ہوگا، جہاں سے 12 مئی کو قومی اسکواڈ کی وطن واپسی ہوگی۔ٹی ٹوئنٹی کی قیادت بابر اعظم ، شاداب خان جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ارشد اقبال، آصف علی، دانش عزیز، فہیم اشرف، حیدر علی، حارث رؤف ، حسن علی ، محمد حفیظ ، محمد حسنین ، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر ، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی ، شرجیل خان اور عثمان قادر شامل ہیں۔ ون ڈے ٹیم کی قیادت بھی بابر اعظم ، شاداب خان کے ہاتھوں میں ہی ہے جبکہ کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق ، دانش عزیز ,فہیم اشرف ، فخر زمان، حیدر علی ، حارث رؤف ، حسن علی ، امام الحق ، محمد حسنین ، محمد نواز، محمد رضوان ، محمد وسیم جونیئر ، سرفراز احمد ، سعود شکیل ، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان قادرشامل ہیں۔ دوسری طرف نوجوان مڈل آرڈر بیٹسمین سعود شکیل بائیں ٹانگ میں انجری کی وجہ سے جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ وہ بدھ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پریکٹس میچ کے دوران گریڈ ون ٹیئر کی انجری کا شکارہوگئے تھے۔سلیکشن کمیٹی نے ٹیم منیجمنٹ کی مشاورت کے بعد آصف علی کو بطور متبادل کھلاڑی قومی ون ڈے اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ آصف علی پہلے ہی جنوبی افریقا اور زمبابوے کے خلاف اعلان کردہ قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
