

سنچورین(جسارت نیوز) سپر اسپورٹس پارک سنچورین میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر میزبان جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ جنوبی افریقا کا آغاز اچھا نہ رہا اور ابتدائی4 وکٹیں 55 رنز پر ہی گرگئیں۔ جس کے بعد وین ڈر ڈوسن اور ڈیوڈ ملر نے ٹیم کو سنبھالا، دونوں کے درمیان 116 رنز کی شراکت قائم ہوئی، اس موقع پر ڈیوڈ ملر 50 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے، تاہم وین ڈرڈوسن نے شانداد بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اسی کی بدولت اپنی ٹیم کے اسکور کو 273 رنز تک پہنچادیا۔جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بنائے، جنوبی افریقا کے وان ڈرڈیوسن 123 رنزکی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رئوف نے 2، 2 ، فہیم اشرف اورمحمد حسنین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف آخری گیند پرحاصل کیا‘ فخر زمان 9 ، امام الحق 70 جبکہ بابر اعظم نے 103 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ محمد رضوان نے 40 ‘شاداب خان نے 33 رنزبنائے۔پاکستان نے 274 رنز کا ہدف 50 ویں اوور کی آخری گیند پر 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا جبکہ جنوبی افریقا کی جانب سے انرچ نورجی نے 4، پھلکوایو نے 2 اور ربادا نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔بابر اعظم مین آف دی میچ رہے۔
