
نئی دہلی (ساوتھ ایشین وائر) بھارتی قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے)نے جمعہ کے روز بتایا کہ کہ اس نے پونچھ سازش کیس کے سلسلے میں جموں کی ایک خصوصی عدالت میں تحریک المجاہدین کے سات ارکان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔
ساوتھ ایشین وائر کے مطابق تحریک المجاہدین کے سات ارکان جن کا نام چارج شیٹ میں لیا گیا ہے ان میں محمد مصطفی خان ، محمد یاسین ، محمد فاروق ، محمد ابرار ، محمد جاوید خان ، شیر علی اور محمد رفیق عرف سلطان شامل ہیں۔
این آئی اے کے عہدیداروں کے مطابق تمام ملزمان پر آئی پی سی ، اسلحہ ایکٹ ، دھماکہ خیز مواد ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کے متعلق ایکٹ (یو اے پی اے)کی مختلف شقوں کے تحت فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
عہدیداروں نے کہاکہ چارج شیٹ میں ، این آئی اے نے نامزد افراد کے خلاف اور پونچھ اور کویت میں مقیم ان کے ساتھیوں کی طرف سے دہشت گردی کی کارروائیوں کو انجام دینے کاالزام لگایا ہے ۔
ساوتھ ایشین وائر کے مطابق انہوں نے بتایا کہ تفتیش کے دوران ، پونچھ میں مختلف مقامات پر تنظیم ٹی او ایم کے پرچم ، پوسٹرز اور دیگر مواد کے ساتھ اسلحہ ، گولہ بارود ، دھماکہ خیز مواد ، منشیات کا ایک ذخیرہ برآمد کیا گیا ۔
عہدیداروں نے بتایا کہ یہ مقدمہ ابتدائی طور پر پولیس اینڈ کے پولیس نے ضلع پونچھ کے مینڈھر پولیس سٹیشن میں موحد مصطفی خان کی گرفتاری اور 27 دسمبر 2020 کو ان کی رہائش گاہ سے 6 دیگر دستی بموں کے برآمد ہونے کے بعد پولیس میں درج کیا تھا۔ بعد ازاں 16 مارچ کو ، 2021 این آئی اے نے مقدمہ دوبارہ رجسٹرڈ کیا ۔
تحریک المجاہدین کشمیر کی تحریک آزادی کے لیے سرگرم رہنے والی تنظیم میں شمار کی جاتی ہے اور شدت پسندانہ سرگرمیوں میں بھی ملوث رہی ہے۔ اسلئے بھارتی حکومت کی طرف سے فروری 2019میں اس پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
یہ تنظیم 1990 میں کشمیر کی تحریک آزادی کے مقصد سے وجود میں آئی تھی اور فعال طور پر اس کام کو انجام دے رہی تھی۔
