English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بھارت نے افغانستان کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کا گڑھ بنا رکھا ہے، مشیر قومی سلامتی

القمر

 اسلام آباد: مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا ہے کہ بھارت نے افغانستان کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کا گڑھ بنا رکھا ہے، اس کے خطے میں امن کو خراب کرنے کے لئے تخریب کاری کے ثبوت موجود ہیں۔ 

بھارتی صحافی کرن تھاپر کو دوسرا انٹرویو  دیتے ہوئے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف کا کہنا تھا کہ جب تک بھارت کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لئے تیار نہیں ہوتا بھارت سے بات نہیں ہو سکتی، بھارت کو واضح کردیا کہ ہر پاکستانی آخری وقت تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، واضح کردیا ہے کہ جب تک بھارت مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ اور جارحانہ اقدام واپس نہیں کرتا اس سے بات ناممکن ہے۔

معید یوسف کا کہنا تھا کہ بھارت کی حکومت آر ایس ایس اور فاشسٹ ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، پاکستان ہمیشہ امن کے لیے کوشاں رہا ہے مگر بھارت کی ہندوتوا سوچ آڑے آرہی ہے، بھارتی وزیر خارجہ نے قبول کیا کہ بھارت نے ایف اے ٹی ایف کو سیاسی عزائم کے لیے استعمال کیا۔

مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ بھارت کے خطے میں امن کو خراب کرنے کے لئے تخریب کاری کے ثبوت موجود ہیں، لاہور دھماکے کے تانے بانے بھارت سے جڑتے ہیں اور اس کے ثبوت سامنے رکھ دیے ہیں، بھارت نے افغانستان کو بھی پاکستان کے خلاف دہشتگردی کا گڑھ بنا رکھا ہے، لیکن پاکستان افغانستان کے مسئلے کے لیے سیاسی حل کے لیے کوشش کرتا رہے گا، بھارت کو پاکستان میں دہشت گردی روکنی ہوگی۔

معید یوسف نے بھارتی صحافی سے استفسار کرتے ہوئے مزید کہا کہ کیا وجہ ہے کہ بھارت میں مودی کو ہٹلر سے مطابقت دی جا رہی ہے، پاکستان میں سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا مودی ہندوتا حکومت سے ایک مہذب رویے کی امید کی جاسکتی ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے