کراچی: امریکی کمپنی ایگزون موبل نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے پورٹ قاسم پر ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر کے حوالے سے عائد الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے حکومت پاکستان سے شکایت کردی۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی زیدی نے اپنے ایک ٹویٹ میں اس حوالے سے بتایا ہے کہ جس کے مطابق سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے پورٹ قاسم پر ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر کے حوالے سے ایگزون موبل کمپنی پر الزام تراشیوں کا کمپنی نے سخت نوٹس لیا ہے۔ اس ضمن میں ایگزون موبل قطر کے نائب صدر، ایل این جی مارکیٹنگ کی جانب سے وزارت بحری امور کو ایک جوابی شکایتی خط بھی ارسال کیا گیا ہے۔
سید علی زیدی نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایگزون موبل کا شکایتی خط ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایگزون موبل نے سابق وزیر اعظم اور سابق وزیر خزانہ کی الزام تراشیوں پر سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے الزامات سے پاکستان میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کی حوصلہ شکنی ہوگی اور غیرملکی کمپنیاں پاکستان میں کام کرنے کے حوالے سے تذبذب کا شکار ہوں گی۔
GOP has rcvd a reply to my letter to ExxonMobil regarding Khaqan Miftah’s unfounded allegations. ExxonMobil not only denies the rubbish but also registers a complaint over such nonsense, stating that such baseless allegations discourage multinationals from investing in Pakistan https://t.co/PkCLbKCpBZ pic.twitter.com/piamrVSacx
— Ali Haider Zaidi (@AliHZaidiPTI) August 2, 2021
خط میں کہا گیا ہے کہ ایگزون موبل ایک معتبر ملٹی نیشنل کمپنی ہے جو شفافیت اور دیانت داری سے کام کرنے پر یقین رکھتی ہے اور قواعد و ضوابط کی مکمل پاسداری کرتی ہے۔
ایگزون موبل نے وفاقی وزیر برائے بحری امور سے سابق وزیر اعظم اور سابق وزیر خزانہ کے خلاف شکایت درج کرانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاروباری معاملات کو سیاسی رنگ دینے سے پاکستان میں غیر ملکی کمپنیوں کے کام کرنے کی صلاحیت متاثر ہوسکتی ہے ۔
