۔۔۔ روزنامہ خبر ترک: ” تیونس میں استحکام علاقائی حوالے سے بھی اہمیت کا حامل ہے” کی سرخی سے لکھتا ہے کہ صدر رجب طیب ایردوان نے تیونس کے صدر قیس سعید کے ساتھ ٹیلی فونک ملاقات کی ۔ مذاکرات میں انہوں نے کہا ہے کہ تیونس کے استحکام اور داخلی امن و امان کا تحفظ علاقائی سلامتی کے حوالے سے بھی نہایت درجے اہمیت کا حامل ہے۔ صدر ایردوان نے کہا ہے کہ تیونس میں جمہوریت کےقیام، آزادیوں کی ضمانت اور قانون کی بالادستی کو پیش نظر رکھا جانا نہایت ضروری ہے۔
۔۔۔ "صدر ایردوان کی طرف سے میلانووچ کا شکریہ” یہ سرخی ہے روزنامہ وطن کی۔ اخبار لکھتا ہے کہ صدر رجب طیب ایردوان نے اپنے کروشین ہم منصب زوران میلانووچ کے ساتھ ٹیلی فونک ملاقات کی۔ مذاکرات میں انہوں نے ترکی کے ساتھ اظہارِ افسوس و یکجہتی کرنے، آگ بجھانے کی کوششوں میں اتحاد و تعاون ظاہر کرنے پر میلانووچ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ صدر ایردوان نے کہا ہے کہ اتحادی ممالک کے باہمی تعلقات ایسے وقت میں زیادہ پُر معنی ہو جاتے ہیں۔
۔۔۔ روزنامہ ینی شفق: ” برآمدات میں تاریخی ریکارڈ” کی سرخی سے لکھتا ہے کہ رواں سال کے جنوری۔ جولائی دورانیے میں ترکی کی برآمدات گذشتہ سال کے اسی دورانیے کے مقابلے میں 35 فیصد اور کورونا وائرس وباء سے قبل کے مقابلے میں 16.4 فیصد اضافے کے ساتھ 121.4 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ حالیہ 12 ماہ کی برآمدات نے 201.5 بلین ڈالر اضافے کے ساتھ ملکی تاریخ کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ تاریخ میں پہلی دفعہ برآمدات 200 بلین ڈالر کی حد کو عبور کر گئی ہیں۔
۔۔۔ "ترک سائنس دان کی انقلابی دریافت” یہ سرخی ہے روزنامہ حریت کی۔ اخبار لکھتا ہے کہ ترک سائنس دان رابعہ توعچہ یازیجی نے انڈوسکوپک تشخیص کے لئے چنے کے دانے کے برابر ایک کیپسول تیار کیا ہے۔ یہ کیپسول نگلا جا سکتا ہے اور ڈیٹا ٹرانسفر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ دریافت انتڑیوں اور نظام ہضم کی بیماریوں کی تشخیص میں مفید ثابت ہو گی اور انڈوسکوپی سمیت متعدد شعبوں میں آسانیاں پیدا کرے گی۔ یہ کیپسول نگلے جانے کے بعد نظام ہضم سے گزرنے کے دوران بیماری کی علامات کا تعین کرتا اور سیل فون پر پیغامات بھیجنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کیپسول کی مدد سے متعدد بیماریوں کی جلد تشخیص ممکن ہو سکے گی۔
۔۔۔اور اب باری ہے کھیل کی۔ روزنامہ صباح اپنے کھیل کے صفحے پر "والی بال میں رقیب ٹیم جنوبی کوریا” کی سرخی سے لکھتا ہے کہ ترکی کی خواتین کی والی بال ٹیم 2020 ٹوکیو اولمپکس کے سیمی فائنل میں جنوبی کوریا کے مقابل کورٹ میں اترے گی۔ ترکی کی بی گروپ میں تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم اے گروپ میں تیسرے نمبر کی کورین ٹیم کے ہم پلہ قرار پائی ہے۔ ترکی کی ٹیم اپنا سیمی فائنل میچ 4 اگست بروز بدھ ترکی مقامی وقت کے مطابق سہ پہر3 بجے کھیلے گی۔
