English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس، ملکی سلامتی اور افغانستان کی صورتحال کا جائزہ

القمر

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملکی سکیورٹی اور افغانستان کی تیزی سے بدلتی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں وفاقی وزراء سمیت اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی سلامتی، سیکیورٹی امور اور افغانستان کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال سمیت بارڈر مینجمنٹ کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کو افغانستان کی موجودہ صورتحال اور اس کے پاکستان پر ممکنہ اثرات، افغان مہاجرین کی متوقع آمد اور مہاجرین کی آڑ میں دہشت گردوں کے پاکستان میں داخلے کی روک تھام کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ علاوہ ازیں اجلاس میں بارڈر مینجمنٹ، خطے کی مجموعی صورتحال اور داخلی سیکیورٹی کو درپیش چیلنجز پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے شرکاء نے عزم دہرایا کہ پاکستان افغان امن عمل میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان کسی فوجی طاقت کے استعمال کے بجائے افغان عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ افغانستان کا پرامن حل چاہتا ہے۔

اجلاس کے دوران وزیر خارجہ کی سربراہی میں 5 رکنی کمیٹی بھی قائم کی گئی جس میں وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری، وزیر اطلاعات فواد چوہدری شامل ہیں۔

کمیٹی افغانستان کی صورتحال، حکومتی ترجیحات اور اندرونی سیکیورٹی سے متعلق اقدامات تجویز کرے گی جب کہ کمیٹی کا پہلا اجلاس کل صبح 10 بجے وزارت خارجہ میں ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے